خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر، حریت قیادت نےاحتجاجی ہڑتال میں 8 ستمبرتک توسیع کردی

سرینگر:(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین اور دیگر حریت رہنماؤں میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے وادی کشمیر میں جاری انتفادہ کے دوران بے گناہ شہریوں کے قتل عام کے خلاف احتجاج کیلئے ہڑتال میں 8 ستمبر تک توسیع کردی ہے ۔ حریت رہنماؤں نے اس دوران مختلف طریقوں سے احتجاجی مظاہروں ، دھرنوں اور سڑکوں پر نمازیں ادا کرنے کا سلسلہ جاری رکھنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت رہنماؤں نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ کل (جمعہ کو )مختلف تحصیلوں سے آزادی مارچ نکالیں۔ لوگوں سے کہاگیا ہے کہ وہ محلہ ،گاؤں اور علاقے کی سطح پر آزادی مارچ نکالیں اور تحصیل ہیڈ کوارٹروں تک پرامن مارچ کریں اور نماز جمعہ تحصیل ہیڈ کوارٹروں پر ادا کی جائے۔ہفتہ اور اتوار کو ہڑتال میں شام 6بجے سے صبح6 بجے تک ڈھیل ہوگی۔دونوں روزلوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ائیر پورٹ روڈ ،لالچوک اور ضلع ہیڈ کوارٹروں کے تمام راستوں کو صبح 9بجے سے لیکر شام 6بجے تک دو روز کیلئے اپنی تحویل میں لیں۔اس روز لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ہاتھوں میں جھنڈے ،بینر اور پلے کارڈ ز جن پر ’’ہم آزادی چاہتے ہیں اور گو انڈیا گو بیک‘‘ کے نعرے درج ہوں اٹھا کر احتجاج کریں۔اس روز لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ظہر اور عصر کی نمازیں سڑکوں پر ادا کریں جبکہ مساجد سرینگر ایئر پورٹ روڑ پر واقع مساجد میں آزادی کے حق میں ترانے بجائے جائیں ۔5ستمبرکو ایک روزہ آزادی کنونشن منعقد کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس روز صبح11بجے سے لیکر4بجے تک اپنے علاقوں میں یک روزہ آزادی کنونشن کا اہتمام کریں۔6ستمبر بروز منگل کو ہڑتال میں شام6بجے سے لیکر صبح6بجے تک ڈھیل ہوگی۔اس روز خواتین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ احتجاج کریں اور لالچوک کو اپنی تحویل میں لیں۔ خواتین سے مذیدکہا گیا ہے کہ وہ نماز ظہر سے عصر تک اپنے اپنے علاقوں میں بھی پر امن احتجاجی مظاہرے کریں۔ 7ستمبر بروز بدھ کیلئے لوگوں سے کہاگیا ہے کہ وہ تمام شاہراؤں اور بین ضلعی راستوں کو اپنی تحویل میں لے لیں۔حریت پروگرام کے مطابق اس روز لوگ بانہال سے اسلام آباد اوڑی تک صبح11بجے سے لیکر شام4بجے تک تمام راستوں کو اپنی تحویل میں لیں اور نماز ظہر سڑکوں پر ادا کریں۔8ستمبر بروز جمعرات کیلئے لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ گریفٹی دن منائیں۔لوگوں سے کہا گیا ہے کہ تمام سڑکوں ،دیواروں اورکھمبوں پر آزادی کے حق میں نعرے تحریر کریں جبکہ نماز ظہر سڑکوں پر ادا کی جائے اور ظہر سے لیکر عصر تک احتجاج کریں۔بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ کچھ دن رات 10بجے اور کچھ روزشام6بجے سے صبح6بجے تک احتجاج میں ڈھیل ہوگی۔تاہم مکمل ہڑتال اور احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ پوری ریاست میں جاری رہے گا جبکہ شبانہ چھاپوں اور گرفتاریوں سے بچنے کیلئے بستیوں میں داخل ہونے والے راستے بند کردئے جائیں گے اورہر روز نماز مغرب سے لیکرنماز عشاء تک مساجد میں اسلامی اور آزادی کے ترانے بجائے جائیں گے۔