خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر، سول سیکریٹریٹ ملازمین کی طرف سےدفاترکے بائیکاٹ کا فیصلہ

سرینگر :(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں سول سیکرٹریٹ کے ملازمین نے دفاتر کابائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ان کے مطابق موجودہ صورتحال میں اپنی زندگیاں بچانا پہلی ترجیح ہونی چاہیے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ملازمین کٹھ پتلی انتظامیہ کی ملازم کش پالیسیوں کے خلاف احتجاج بھی کیا ۔ احتجاجی ملازمین کاکہنا تھا کہ انہیں ایسی صورتحال میں جب گھر سے باہر نکلنا بھی ممکن نہیں دفاتر آنے پر مجبور کیاجارہا ہے ۔سیکرٹریٹ ایمپلائز کوآرڈینیشن کمیٹی کے چیئرمین غلام رسول میرنے لوئرگریڈ ایمپلائز یونین کے صدر مقبول حسین کے ہمراہ ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ فیصلہ کیاگیاہے کہ کشمیر ، جموں اور لداخ سیکوئی بھی سول سیکریٹریٹ کا ملازم موجودہ کشیدہ صورتحال کے پیش نظر دفاتر نہیں جائیگا۔ مظاہرین کاکہنا تھا کہ اپنی جانوں کا تحفظ انکی اولین ترجیح قرار ہے اور وہ دفاترجانے کیلئے اپنی جانوں کو خطر ے میں نہیں ڈال سکتے ۔یاد رہے کہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے مجاہد کمانڈر برہان وانی کے ماورائے عدالت قتل کے ایک روز بعد نو جولائی سے مقبوضہ وادی کشمیرمیں مسلسل کرفیو اور پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔