خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر، شہداء کے ادھورے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانا قوم کی اجتماعی ذمہ داری ہے، مسلم کانفرنس

سرینگر: (ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں جموں وکشمیرمسلم کانفرنس نے کہا ہے کہ کشمیری نوجوان اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ ایک عظیم مقصد کے لیے پیش کر رہے ہیں اوریہ قوم کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ ان قربانیوں کی حفاظت کرے اور شہداء کے ادھورے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مسلم کانفرنس کے چئیرمین شبیر احمد ڈار اور نائب چیئرمین منظورالحق بٹ نے ایک مشترکہ بیان میں حال ہی میں سوپور،کپواڑہ اور شوپیان میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری نوجوانوں کی لازوال قربانیوں نے بین الاقوامی ضمیر کو جگانے اورعالمی برادری کو اپنی ذمہ داریاں یاد دلانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ علاقے میں ظلم و جبر کا بازار گرم کر رکھا ہے اور وہ مسلسل کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے۔ دریں اثناء پارٹی چئیرمین شبیراحمد ڈارکی قیادت میں ایک وفدنصیرآباد سوپورگیا اور بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوان ریاض احمد کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیا۔ وفد میں شریف الدین اور مشتاق احمد بھی شامل تھے۔ اس موقع پر شبیر احمد ڈارنے کہاکہ بھارت کا ظلم جتنا بڑھے گا کشمیریوں کے جذبہ آزادی میں اتنا ہی اضافہ ہوگا۔ مسلم کانفرنس کے سربراہ نے کہاکہ یہ عظیم قربانیاں تحریک آزادی کا سرمایہ افتخار ہے اور پوری کشمیری قوم اپنے ان بہادر بیٹوں کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے کمر بستہ ہے۔