خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر، نوجوانوں کی شہادت پر شوپیاں، پلوامہ میں ہڑتال

نوجوانوں کی شہادت

مقبوضہ کشمیر، نوجوانوں کی شہادت پر شوپیاں، پلوامہ میں ہڑتال

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں تین نوجوانوں کو شہادت پر جمعرات کو شوپیاں اور پلوامہ کے اضلاع میں مکمل ہڑتال کی گئی۔فوجیوں نے دو نوجوانوں سمیر احمد اور فردوس احمد کو بدھ کے روز ضلع شوپیاں کے علاقے چائیگنڈ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا تھا جبکہ ایک سترہ سالہ نوجون شاکر احمد میر قابض فورسز کی پر امن مظاہرین پر فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہوا۔ فائرنگ سے دو لڑکیوں سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل تھی ۔قابض انتظامیہ نے نوجوانوں کی شہادت پر احتجاجی مظاہرے کیلئے علاقے میں سخت پابندیاں نافذ کر دی تھیں۔انتظامیہ نے جنوبی کشمیر میں ریل سروس بھی معطل کی تھی۔دریں اثنا شہید نوجوان سمیر احمد وانی کو انکے آبائی علاقے اوڑو شوپیاں میں سپرد خاک کیا گیا۔ لوگوں کی کثیر تعداد کے سبب نوجواں کی نماز جنازہ پانچ مرتبہ ادا کی گئی۔ جنازہ کے شرکا ء نے اس موقع پر بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ادھر حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے بے گناہ نوجوانوں کے قتل کے شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قابض بھارتی فورسز کی طرف سے بے گناہ کشمیریوں کا قتل روز کا معمول بن چکا ہے۔ جموں کشمیر ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے ایک بیان میں شہید نوجوانوں شاکر احمد، سمیر احمد اور فردوس احمد کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انکے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ بھارت بیگناہ نوجوانوں کے قتل سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبانہیں سکتا۔ بیان میں پر امن مظاہرین پر فائرنگ کی شدید مذمت کی گئیجموں وکشمیر پیپلز لیگ کے غیر قانونی طور پر نظر بند چیئرمین مختار احمدوازہ نے ایک بیان میں شہید نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے پر امن مظاہرین پراندھا دھند فائرنگ اور دو لڑکیوں سمیت متعدد افراد کو زخمی کرنے کی شدید مذمت کی۔ تحریک حریت کے رہنما عمر عادل ڈار نے بے گناہ نوجوانوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ایک طرف دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک ہونے کا دعویٰ کرتا ہے جبکہ دوسری طرف اسکے ہاتھ بے گناہ کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔حریت رہنما جاوید احمد میر اور جموں وکشمیر سالویشن موومنٹ نے اپنے بیانات میں شہید نوجوانوں کوشاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو جبر و استبداد کی پالیسی سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔حریت رہنماؤں شبیر احمد ڈار، محمد اقبال میر، امتیاز احمد ریشی ، غلا م نبی وار اور انسانی حقوق کے کارکن محمد احسن انتو نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں قابض فورسز کی طرف سے پر امن مظاہرین پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سراسر ریاستی دہشت گردی قرار دیا ہے۔انہوں نے شہید نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔تحریک مزاحمت کے غیر قانونی طور پر نظر بند چیئرمین بلال احمد صدیقی نے بھی سینٹرل جیل سرینگر سے جاری ایک بیان میں شہیدنوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ کشمیر تحریک خواتین کی چیئرپرسن زمرودہ حبیب نے بھی ایک بیان میں شہید نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔