خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر، چالیس روزہ ’’ چلہ کلان‘‘ شروع ہو گیا

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں چالیس روزہ ’’ چلہ کلان‘‘ کا آغاز ہوگیا ہے۔ 21دسمبر سے 31جنوری تک جاری رہنے والے چلہ کلان کے دوران مقبوضہ علاقے میں شدید سردی پڑتی ہے اور سرینگر کی مشہور ڈل جھیل اوردیگر جھیلوں کا پانی جم جاتا ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق چلہ کلان کے دوران مقبوضہ وادی میں شدت کی سردی پڑتی ہے اور برف باری ہوتی ہے۔ چلہ کلان کے بعد چلہ خورد کے 20 دن اور بعد ازاں چلہ بچہ کے 10 دن ہوتے ہیں۔فروری کے آخر تک شدید سردی کے یہ تین مرحلے ہوتے ہیں۔ چلہ کلان ،چلہ خورد اور چلہ بچہ کے دوران کشمیر میں روایتی طور پرکانگڑیوں اورگرم ملبوسات کا خوب استعمال کیا جاتا ہے۔ 70روزہ اس موسم میں مقبوضہ وادی کے لوگوں کے کھانے کے انداز بھی بدل جاتے ہیں۔ نمکین چائے کا استعمال بڑھ جاتا ہے ۔ مچھلی اور مختلف اقسام کی دالوں کے علاوہ ایسی سبزیاں بھی کھائی جاتی ہیں جوگرمیوں کے دنوں میں سکھاکر خاص طور پر سردی کے اس موسم کے لیے محفوظ کی جاتی ہیں۔