خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر، ڈوروشاہ آباد کے 3نوجوانوں پرکالاقانون پی ایس اےعائد

سرینگر :(اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں کٹھ پتلی انتظامیہ نے ڈورو شاہ آباد سے تعلق رکھنے والے تین کشمیری نوجوانوں پرکالاقانون پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کرکے اْنہیں جیل میں نظر بند کردیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پولیس نے محمد یوسف وانی،مظفر احمد زرگر اور فاروق احمد لاوے کو پی ایس اے کے تحت کٹھوعہ جیل منتقل کردیاگیا ہے ۔ یوسف وانی جو کہ 3 بچوں کا باپ ہے کو پولیس نے گذشتہ مہینے اسکے گھر سے گرفتار کیاتھا۔آڑہ بل ڈوروکے رہائشی مظفر احمد زرگرکے بھائی نے صحافیوں کو بتایا کہ گرفتاری کے فورا بعد مظفر کی رہائی کیلئے تمام قانونی لوازمات پورے کئے گئے تھے تاہم پولیس نے اسے رہا کرنے کی بجائے کالے قانون کے تحت جیل منتقل کردیا۔واضح ہے کہ ڈورو میں بھارتی پولیس نے مبینہ سنگ باری اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے جھوٹے الزامات میں درجنوں افراد کی فہرست مرتب کی ہے جنہیں گرفتار کر کے ان کے خلاف کالا قانون لاگو کیا جائیگا ۔گرفتاری کے ڈر کی وجہ سے بیشتر افراد روپوش ہیں۔