خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر، کشمیریوں کی حالت زار پر اظہار تشویش

سرینگر : (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن نے جموں خطے کی ادھمپور جیل میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر سخت تشویش کا اظہارکرتے ہوئے اس معاملے پر عدالت عالیہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن کی ایک ٹیم نے ایڈوکیٹ ارشد اندرابی کی قیادت میں حال ہی میں ادھمپور جیل کا دورہ کیا۔ بار ٹیم نے جیل کے دورے کے بعد سرینگر میں جاری ایک رپورٹ میں کہا کہ ادھمپور جیل کشمیری نظر بندوں سے کھچا کھچ بھری ہے جنکے ساتھ جیل انتظامیہ نے انتہائی ناروا سلوک روا رکھا ہو اہے۔۔رپورٹ میں کہا گیا کہ جیل میں صفائی وستھرائی کا فقدان ہے جبکہ ناقص غذاکے باعث نظر بندوں کی صحت شدید متاثر ہورہی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ مقبوضہ علاقے میں حالیہ انتفادہ کے دوران گرفتار کیے جانے والے افراد کے ساتھ جیل میں انتہائی بہیمانہ برتاؤکیا جا رہا ہے اور انہیں تمام سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ بار ایسوسی ایشن کشمیری نظر بندوں کے ساتھ رو رکھے جانے والے ناروا سلوک کے خلاف ہائی کورٹ میں ایک عرضداشت دائر کرے گی