خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر، کپواڑہ قتل عام کے شہداء کو خراج عقیدت

مقبوضہ کشمیر، کپواڑہ قتل عام کے شہداء کو خراج عقیدت

سری نگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں آزادی پسند رہنماؤں اور تنظیموں نے ہندواڑہ اور کپواڑہ قتل عام کے شہداء کو ان کی برسیوں پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں اور پیرا ملٹری اہلکاروں نے 25اور 27جنوری 1990کو ہندواڑہ اور کپواڑہ میں بے گناہ شہریوں پر اندھا دھند فائرنگ کر کے دو سو کے لگ بھگ کشمیریوں کو قتل کر دیا تھا۔ قتل عام کے یہ واقعات بدنام زمانہ جگموہن کے دوسری مرتبہ مقبوضہ علاقے کا گورنر بننے کے فوراً بعد پیش آئے تھے۔ جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام اپنے شہداء کے عظیم مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنما غلام محمد خان سوپوری نے کٹھوعہ جیل سے جاری ایک بیان میں قتل عام کے شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ایک روز ضرور رنگ لائیں گی۔ جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ آر کے سرپرست بیر سٹر عبدالمجید ترمبو نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ شہداء کی قربانیوں کی وجہ سے تنازعہ کشمیر عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن گیا ہے ۔ انہوں نے بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے بھر میں خوف و ہراس کی لہر کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام اس بار بھی بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر مناکر عالمی برادری کو یہ باور کرائیں گئے کہ وہ حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد مقصد کے حصول تک جاری رکھیں گے۔جموں وکشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام اپنے عظیم شہدوں کے مشن کو ہرقیمت پر پایہ ء تکمیل تک پہنچائیں گے۔ حریت رہنما جاوید احمد میر نے ایک بیان میں کہا کہ شہداء نے اپنے قیمتی جانیں لٹاکر اپنا آج قوم کے روشن کل پر قربان کیا ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم کے خاتمے اور تنازعہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے کردار ادا کرے۔حریت رہنماؤں فریدہ بہن جی ، شبیر احمد ڈار، م محمد اقبال میر، امتیاز احمد ریشی ، غلا م نبی وار انسانی حقوق کے کارکن محمد احسن اونتو نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں شہداء ہندواڑہ اور کپواڑہ کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری بے گناہ کشمیریوں کے قتل میں ملوث بھارتی فوجیوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے کردار ادا کرے۔ دریں اثنا حریت رہنماؤں شبیر احمد ڈاراور امتیاز احمد ریشی نے ایک مشترکہ بیان میں آزادی پسند رہنما مشتاق احمد زرگر کے برادر نسبتی سراج الدین فاروق کے بارے میں معلومات کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے جنہیں بھارتی فورسز نے 22 جنوری 1990ء کو گرفتاری کے بعد لاپتہ کر دیا ہے۔ حریت رہنما بلال صدیقی اورجموں وکشمیر مسلم لیگ نے سرینگر میں جاری بیانات میں غیر قانونی طور پر نظر بند ر پارٹی ہنماؤں اور کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔