خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر، 145ویں روز بھی شٹر ڈاؤن ہڑتال

سرینگر: (ملت+آئی این پی)مقبوضہ کشمیر میں 145ویں روز بھی ہڑتال اور احتجاجی مظاہروں کے دوران بھارتی فورسز پر سنگباری سے عوامی زندگی بری طرح متاثر ہو گئی۔خواتین نے جلوس نکالے۔بھارتی فورسز نے ریاستی دہشت گردی جاری رکھتے ہوئے آنسو گیس اور پیپر گیس شیلنگ کی ۔جس سے درجنوں شہری زخمی ہو گئے جبکہ کئی علاقوں میں اہلکار گھروں میں گھس گئے اور توڑ پھوڑ کی۔بدھ کے روزبھی تمام کاروباری و تجارتی مراکز، بینک، تعلیمی ادارے، پٹرول پمپ اورسڑکوں سے ٹریفک غائب رہی۔ شہرخاص کے کئی علاقوں پیر باغ پنجگام پلوامہ،نائینہ، سوپور اورپلہالن میں بھارتی فورسز پر سنگباری کی گئی۔فورسز کی جوابی سنگباری سے درجنوں گاڑیوں کے شیشے چکنار چور ہوئے۔ فورسز نے ٹیر گیس گولوں کا بھی استعمال کیا۔مزاحمتی قیادت کی طرف سے یوم خواتین کی کال کے پیش نظر سوپور کے کئی علاقوں آلوسہ بانڈی پورہ میں خواتین نے جلوس نکال کر اسلام وآزادی کے حق میں نعرہ بازی کی۔ادھرارونی بجبہاڑہ،گوشہ بگ پٹن اور ہانجی شاٹ لنگیٹ میں فورسز نے محاصرہ کر کے گھر گھر تلاشیوں کا سلسلہ شروع کیا ۔سرینگر کے لالچوک،ریگل چوک ،بڈشاہ چوک ، بٹہ مالو، جہانگیر چوک اور دیگر علاقوں میں ہڑتال کی گئی اور سڑکوں پر ٹریفک کی نقل وحرکت بندرہی۔سرینگر ڈاؤن ٹاؤن کے نواکدل ، صفاکدل ، کاوڈارہ ،راجوری کدل او ر اس کے ملحقہ علاقو ں میں نوجوانوں کی ٹولیاں سڑکوں پر نکل آئیں اورمظاہرے کئے ۔شمالی کشمیر کے بارہمولہ میں بھی مکمل ہڑتال کا سلسلہ جاری رہا ۔سوپور میں دختران ملت نے خواتین کا جلوس نکالا۔ بٹہ پورہ ،خوشحال متو،جامع قدیم ،شیر کالونی،سنگرامہ پورہ اور محلہ خانقاہ کی سینکڑوں خواتیننے احتجاجی جلوس نکالا۔ خواتین بھارت مخالف اور اسلام و آزادی کے نعرے بلند کر رہی تھیں۔ خواتین نے قصبہ کے مین چوک میں کافی دیر تک مظاہرے کئے۔ پولیس سٹیشن سوپور پر نوجوانوں نے پتھراؤکیا۔ پلہالن علاقے میں اس وقت تشدد بھڑک اٹھا جب نوجوانوں کو گرفتار کرنے کیلئے پولیس و فورسز کی پارٹی نمودار ہوئی۔ اس موقعہ پر مقامی مسجدوں میں نوجوانوں نے ترانے بجانے شروع کئے اور بڑی تعداد میں لوگوں نے پولیس و فورسز کے خلاف شبانہ احتجاجی مظاہرے شروع کئے۔ پولیس و فورسز نے آنسوگیس کے گولے داغے ،پیپر گیس کا بے تحاشا استعمال کیا۔پولیس وفورسز نے گوشہ بوگ اندر گام پٹن گاؤں کا محاصرہ کیا اور گھر گھر تلاشی کارروائی شروع کی۔ ہانجی شاٹھ لنگیٹ ہندواڑہ میں جھڑپ کے بعد فرار ہوئے دو غیر ملکی جنگجوؤں کو تلاش کرنے کیلئے پولیس وفورسز نے دوسرے روز بھی تلاشی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہا۔۔آلوسہ بانڈی پورہ میں مزاحمتی قیادت کی کال پر خواتین نے جلوس نکالا۔