خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر،73ویں روز بھی کشیدگی برقراررہی

سرینگر (آئی این پی )مقبوضہ کشمیر میں تہترویں روز بھی کشیدگی برقرار رہی،گزشتہ روز اڑی میں بھارتی فوجی بریگیڈ ہیڈ کواٹر پر حملے کے بعد وادی میں قابض فوج کا گشت بڑھادیا گیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی اپیل پر وادی میں ہڑتال کی گئی جبکہ قابض فوج نے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کر دیا۔ وادی کے مختلف اضلاع میں کرفیو بدستور نافذ رہا، قابض فوج نے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کر رکھاہے،مسلسل کرفیو کے باعث خورو نوش اور ادویات کی شدید قلت پید اہوگئی ۔ لاکھوں کشمیری فاقوں پر مجبور، بچے دودھ کیلئے بلکنے لگے،وادی کے ہسپتالوں میں جگہ بھی کم پڑنے لگی ۔ دوسری طرف بھارتی فوج کی جارحیت کشمیریوں کے حوصلے پست کرنے میں ناکام ،مقبوضہ کشمیر کے مختلف اضلاع میں بھارت مخالف احتجاج جاری ہے ۔ بھارت مخالف احتجاج روکنے کے لئے جگہ جگہ ناکہ بندی کی گئی ہے۔آٹھ جولائی سے جاری بھارتی جارحیت میں اب تک ایک سو بارہ کشمیری شہید جبکہ بارہ ہزار زخمی ہوچکے ہیں۔۔ حریت رہنماؤں نے ہڑتال کی کال میں بائیس ستمبر تک توسیع کردی ۔