خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر،74ویں روز بھی کشیدگی نہ تھم سکی

سرینگر (آئی این پی )مقبوضہ کشمیر میں چوہترویں روز بھی کشیدگی میں کوئی کمی نہ ہوسکی ، مظلوم کشمیریوں پر بھارتی قابض افواج کا بہیمانہ تشدد جاری ہے،دوسری طرف وادی کے مختلف اضلاع میں قابض فوج کے خلاف مظاہرے کیے جارہے ہیں ،قابض فوج نے مقبوضہ وادی کو جیل میں تبدیل کر رکھا ہے، بھارتی جارحیت کے خلاف وادی میں مکمل شٹر ڈاؤن ہے۔ سری نگر اور دیگرعلاقوں میں بھارتی فوج کی اضافی نفری تعینات ہے،وادی کے مختلف اضلاع میں کرفیو بدستور نافذ ہے،جبکہ بھارتی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ وادی میں کہیں بھی کرفیو نافذ نہیں۔ مقبوضہ وادی میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال رہی۔ قابض فوج نے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کر رکھا ہے،بھارتی فوج کی جارحیت کشمیریوں کے حوصلے پست کرنے میں ناکام ہے،مختلف اضلاع میں بھارت مخالف احتجاج جاری ہے۔ بھارت مخالف احتجاج روکنے کے لئے جگہ جگہ ناکہ بندی کی گئی ہے،دکانیں اور کاروبار بند ہونے کے باعث قحط جیسی صورتحال کا سامنا ہے،اشیائے خورونوش اور ادویات کی شدید قلت ہے، بچے دودھ کے لئے بلک رہے ہیں۔ آٹھ جولائی سے جاری بھارتی جارحیت میں اب تک ایک سو بارہ کشمیری شہید جبکہ بارہ ہزار زخمی ہوچکے ہیں۔ حریت رہنماؤں کی اپیل پربائیس ستمبرتک ہڑتال اور مظاہرے کیے جائیں گے۔