خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر؛ بالآخربھارتی فوج نےبھی اپنی کارستانیوں کا اعتراف کرلیا

سرینگر: (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما برہانی وانی کی شہادت کے بعد 80سے زائد بے گناہ کشمیریوں کو شہید اور ہزاروں کو زخمی کرنے والی بھارتی فوج نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوجیوں کی فائرنگ سے کشمیری لیکچرار کی شہادت جیسے واقعات کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ بھارتی فوجی کمانڈرلیفٹیننٹ جنرل ڈی ایس ہڈا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ”اس قسم کے واقعات بلا جواز اور غیر انسانی ہیں جس کی کوئی بھی حمایت نہیں کر سکتا ، ایسے واقعات کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا “۔ فوجی کمانڈر کا مزید کہنا تھا کہ 17اور 18اگست کی رات کو ضلع پلوامہ کے علاقے میں پیش آنے والے اس واقع کی تحقیقات کا حکم دیدیا گیا ہے ۔اس روز کشمیری لیکرار شبیر احمد مونگا کو بھارتی فوج نے فائرنگ کر کے شہید اور مزید اٹھارہ کو زخمی کر دیا تھا ۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ بھارتی فوجی اور پولیس افسران نے بدھ کے روز گاﺅں میں چھاپے کے دوران شبیر احمد اوردیگر 30افراد کو حراست میں لیا تھا اور جمعرات کے روز شبیر احمد کی میت ورثاءکے حوالے کر دی گئی ۔ چھ ہفتے قبل حریت رہنما برہان وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی تسلط اور فوجی تشدد کے خلاف مظاہرے اور پولیس سے جھڑپیں شرو ع ہوئی تھیں جس کے بعد اب تک 80سے زائد کشمیریوں کو شہید اور ہزاروں کو زخمی کیا جا چکا ہے ۔