خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر؛ فورسز کی فائرنگ سے ایک لڑکے سمیت پانچ کشمیری شہید

سرینگر:(اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں سرینگر اوربڈگام کے اضلاع میں بھارتی فورسز کی طرف سے پر امن مظاہرین پر فائرنگ سے ایک لڑکے سمیت پانچ شہری شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلع بڈگام میں بیروہ کے علاقے آری پنتھن میں بھارتی فورسز کی طرف سے مظاہرین پرفائرنگ سے چار شہری شہید اور بارہ سے زائد زخمی ہو گئے۔ سرینگر کے علاقے بٹہ مالو بھارتی پولیس کی طرف سے مظاہرین پر براہ راست فائرنگ سے دسویں جماعت کا طالب علم محمد یاسر شیخ شہید ہو گیا ۔ان شہادتوں کی وجہ سے مقبوضہ علاقے میں جاری انتفادہ کے دوران شہید ہونے والے کشمیریوں کی تعداد بڑھ کو 79ہو گئی ہے۔ مقبوضہ کشمیرمیں8 جولائی کو بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں حزب المجاہدین کے مجاہد کمانڈر برہان مظفر وانی کے ماورائے عدالت قتل کے بعد شروع ہونیوالے انتفادہ کے دوران اب تک فائرنگ ، پیلٹ گن اور آنسو گیس کے بے دریغ استعمال کی وجہ سے 79بے گناہ کشمیری شہید،8ہزار سے زائد زخمی جبکہ سینکڑوں بصارت سے محروم ہو چکے ہیں۔دریں اثنا کٹھ پتلی انتظامیہ نے لوگوں کو احتجاجی مظاہرے کرنے سے روکنے کیلئے آج مسلسل 39ویں دن بھی کرفیو اورپابندیاں جاری رکھیں۔ ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق ، محمد یاسین ملک ، شبیر احمد شاہ ، آغا سید حسن الموسوی الصفوی ، بلال صدیقی، ظفر اکبربٹ اور محمد رفیق گنائی سمیت تقریبا تمام حریت رہنماء گھروں یا جیلوں میں نظربند ہیں ۔