خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر؛ پولیس نےبیٹےکےبدلےوالد پرپی ایس اے لگا کرجیل منتقل کردیا

سرینگر:(اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی پولیس نے ایک غیر معمولی کارروائی کے دوران مطلوب نوجوان کے بدلے اسکے والد کو گرفتار کر کے کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جیل منتقل کردیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پولیس نے سوپور کے علاقے لوکری پورہ کے رہائشی عرفان احمد میر کے بدلے انکے والد کو گرفتار کر کے پی ایس اے کے تحت جیل منتقل کردیا ہے ۔بیٹے کے بدلے باپ کی گرفتاری اور کالا قانون لگانے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔بھارتی پولیس نے آزادی پسندکارکنوں اور نوجوانوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے شمالی قصبہ سوپور اور رفیع آباد میں مذید سات کشمیریوں پر کالاقانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر کے انہیں اودھمپور اور کٹھوعہ جیلوں میں منتقل کردیا ہے۔مقامی افراد نے میڈیا کو بتایا کہ ان قصبوں میں بڑے پیمانے پر نوجوانوں اورآزادی پسند کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق رفیع آبادکے رہائشی ریاض احمد وار،،محمدصدیق لون ، چھجہ ہامہ کے تنویر الاسلام اور نادی ہل کے عبدالقیوم گنائی کو پی ایس اے کے تحت ادھمپور جیل جبکہ بہرام پورہ کے رہائشی امتیاز احمدتانترے اورجلا ل آبادسوپورکے رہائشی عبدالمجید میر کو پی ایس اے کے تحت کھٹوعہ جیل منتقل کیا گیا ہے۔