خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر:عدالت کا بھارتی فوج کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم

سرینگر:(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں ضلع کپواڑہ میں عدالت نے بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر کے دو مکانوں اور ایک نجی گاڑی کی توڑپھوڑ کرنے پر بھارتی فوج کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ضلع کپواڑہ میں بارایسوسی ایشن کے سابق صدرایڈوکیٹ بلال ملک اور ایک سابق سرکاری ملازم علی محمد ملک نے عدالت میں کیس دائر کیاتھا جس میں کہاگیا تھا کہ 14ستمبر کی صبح ساڑھے 8 بجے بھارتی فوج کی کانوائے کپوارہ سے ترہگام کی طرف جا رہی تھی اور ہائن کپوارہ پہنچنے پر فوجی اہلکاروں نے گاڑیوں سے اْتر کر اْن کے مکانوں اور ایک گاڑی کی توڑ پھوڑ کی جس سے اْن کے مکانوں کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے عدالت سے کہا کہ جب بھارتی فوج نے مکانوں کی توڑ پھوڑ کی اْس وقت علاقے میں کوئی پتھراؤ نہیں ہو رہا تھا اور بلا وجہ اْن کے مکانوں کی توڑ پھوڑ کی گئی۔شکایت پر کپواڑہ کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے ایس ایچ او ترہگام کو ہدایت دی کہ وہ بھارتی فوج کی 68ماؤٹین بریگیڈ کے ٹاون کمانڈر ترہگام اور کانوائے کمانڈر کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے مزید کارروائی کرے۔بار ایسوسی ایشن کپواڑہ نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے فوجی اہلکاروں کو سزادینے کا مطالبہ کیا ہے۔