خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالیوں کےاعتراف کاخیرمقدم: میرواعظ

سرینگر :(اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں فورم نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق زید رعد الحسین کی طرف سے جنیوا میں انسانی حقوق کمیشن کے سالانہ اجلاس میں جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے اعتراف کا خیر مقدم کیا ہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ زید رعد الحسین کا یہ بیان انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ انہوں نے بھارت کو شام ، ایتھوپیا اور وینزویلا جیسے ممالک کی فہرست میں شامل کردیا ہے جو عالمی ادارے کے مشن کو اپنے ملک آنے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ زید رعد الحسین نے کہاکہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالیاں چھپ نہیں سکیں گی اگر بھارتی حکومت بین الاقوامی مبصرین کو اپنے ملک میں آنے کی اجازت دے ۔انہوں نے کہاکہ انسانی حقوق کی پامالیوں کی جائز چھان بین پر پابندی لگانے سے کافی سوالات پیدا ہوتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عالمی ادارے کے ہائی کمشنر کے اس بیان میں ان ممالک پر زبردست نقطہ چینی کی گئی ہے جہاں گزشتہ کئی برس سے انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں جاری ہیں۔ترجمان نے کہاکہ کشمیرمیں روز اول سے جاری قتل و غارت گری ظلم و جبر اور دھونس اور دباؤ کی پالیسیوں سے کشمیری عوام کے جذبہ حریت میں کوئی کمی نہیں آئی ہے بلکہ حقیقت یہ ہے کہ اس سے عوام کی جذبہ حریت کو مزید تقویت ملی ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت کو چاہیے کہ وہ حقیقت کو تسلیم کرکے مسئلہ کشمیر کو عوام کی مرضی اور امنگوں کے مطابق حل کرنے کیلئے عملی اقدامات کرے ۔دریں اثنا حریت ترجمان نے کشمیر کے طول و عرض میں جاری گرفتاریوں ، شہر و گام میں شہری آبادی پر فورسز کی یلغار ، مار دھاڑ، قتل عام اور نظربندیوں کی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے گزشتہ روز بھارتی فوج کے خوف و دہشت کے سبب کشمیری طالبہ خوشبو کی حرکت قلب بند ہونے سے لقمہ اجل بننے اور حریت رہنماؤں نور محمد کلوال ،ایاز اکبر اور دیگر نوجوانوں کی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جیلوں میں منتقلی اور حریت رہنماء غلام نبی زکی اور دیگر کارکنوں کی گرفتاری پر بھی افسوس ظاہر کیا ۔