خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیرمیں بڑے پیمانے پر گرفتاریاں

مقبوضہ کشمیرمیں بڑے پیمانے پر گرفتاریاں
سرینگر : (ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں جماعت اسلامی نے وادی کشمیر کے طول و عرض میں حریت رہنماؤں ا ور کارکنوں کی گرفتاریوں اور انہیں ذہنی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی ہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جماعت اسلامی کے ترجمان یڈوکیٹ زاہد علی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ کی ان ظالمانہ کارروائیوں کی وجہ سے کشمیری عوام میں شدید خو ف و دہشت اور اضطراب نے جنم لیا ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ انتظامیہ کو عوام کی خوشحالی اور امن و سکون سے کوئی دلچسپی نہیں بلکہ وہ صرف اپنے اقتدار کو ہر حال میں طو ل دینا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اب بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کے ذریعے کشمیریوں کو ہراساں اور خوفزدہ کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے اورانہیں تحقیقات کے لیے نئی دلی طلب کیا جاتا ہے اور وہاں کی عدالتوں کے ذریعے انکا ریمانڈ حاصل کرکے محبوسین کو ذہنی و جسمانی تشدد کانشانہ بنایا جاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ حال ہی میں کئی حریت رہنماؤں ،کارکنوں اور تاجروں کودہلی بلاکر گرفتار کیا گیا اور اسی طرح متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین کے بیٹے شاہد یوسف کو بھی دہلی بلاکر گرفتار کرکے جج کے سامنے آزادی پسند رہنماء کے بیٹے کی حیثیت میں پیش کیا گیا اور میڈیا کے ذریعے بھی ان کی بدنامی کی ایک مہم جاری ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ ان حالات میں کیسے غیر جانبدارانہ تحقیقات کی توقع کی جاسکتی ہے۔ ترجمان نے کہاکہ انتظامیہ نے خاتون حریت رہنماء آسیہ اندرابی اور انکی ساتھی فہمیدہ صوفی کو گرفتاراور جموں کی جیل میں نظربند کر کے انتقامی کارروائیوں کی انتہاکر دی ہے۔ انہوں نے مسلم لیگ کے غیر قانونی طورپر نظربند سربراہ مسرت عالم بٹ کی رہائی کے درجنوں عدالتی احکامات کے باوجود مسلسل غیر قانونی نظربندی کی بھی شدید مذمت کی ۔ ترجمان نے مقبوضہ علاقے میں گرفتاریوں کے بلا جواز سلسلے اور این آئی اے کے ذریعے کشمیریوں کو خوفزدہ کرنے کی مہم فوری طورپربند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے تمام کشمیری نظربندوں کی فوری رہائی پر زوردیا ۔