خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیرمیں بےگناہوں کا خون بے دردی سے بہایا جارہا ہے: گیلانی

سرینگر :(اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہاہے کہ جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال انتہائی گھمبیر ہے اور بے گناہوں کا بڑی بے دردی سے خون بہایا جارہا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے جو گھر میں نظر بند ہیں، سرینگر کے علاقوں صفا کدل اور نورباغ میں عوامی جلسوں سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں کاروباراور تجارتی سرگرمیاں ٹھپ ہیں۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام اپنی حق پر مبنی جدوجہد کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام کو متحد ہوکر دشمن کی سازشوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ راستہ اگرچہ کٹھن ہے، مگر اللہ کے فضل وکرم اور ہماری استقامت سے منزل قریب ہوگی۔ دریں اثنا حریت لیڈر بشیر احمد قریشی، محمد مقبول اور سید محمد شفیع نے کرالہ پورہ چاڈورہ میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ استقامت کا راستہ اختیار کرتے ہوئے ہمیں اس پْرامن سیاسی جدوجہد کو آگے بڑھانا ہوگا ۔