خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیرمیں درمیانی شدت کا زلزلہ

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں پیر کی صبح درمیانی شدت کا زلزلہ آیا جس سے ضلع ڈوڈہ کے علاقوں میں لوگوں میں خوف و ہرا س پھیل گیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے چھ بجے آنیوالے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.7تھی ۔زلزلے کا مرکز بھدروہ کے جنوب مشرق میں ساٹھ کلومیٹر دور تھا ۔ وادی بھدروہ کے علاوہ ڈوڈہ ، بھالیسا اور مت مت میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے اور لوگ شدید سرد موسم میں گھروں سے باہر نکل آئے۔ فوری طورپر کسی جانی یا مالی نقصا ن کی اطلاع نہیں ملی ہے ۔ وادی چناب کے عوام میں گزشتہ سال امریکی سائنسدانوں کی طرف سے شائع ہونیوالے ایک تحقیق جس میں مقبوضہ کشمیر میں بڑے زلزلے کاخدشہ ظاہر کیا گیا ہے کے بعد سے شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ اس سے قبل تین دسمبر کو بھی علاقے میں4.3شدت کا زلزلہ آیا تھا ۔