خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیرمیں ساتویں جماعت کی طالبہ شہید

سرینگر:(اے پی پی) مقبوضہ وادی کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے شوپیاں اور دیگر علاقوں میں مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال سے ساتویں جماعت کی ایک طالبہ شہید اور سو سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ اس تازہ شہادت سے جاری انتفادہ کے دوران شہید ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 105ہو گئی ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سروس کے مطابق ضلع شوپیاں کے علاقے چھتواتن کے قریب بھارتی فورسز کی طرف سے مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال اور آنسو گیس کی شیلنگ سے خوشبو جان نامی طالبہ حرکت قلب بند ہونے سے جاں بحق ہو گئی ۔ عینی شاہدین کے مطابق علاقے میں بھارتی فورسز کی طرف سے پھینکا گیا آنسو گیس کا شیل گورنمنٹ ہائی سکول میں گرنے سے آگ بھڑک اٹھی جس سے سکول کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا ۔ ادھربھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی ایک کارروائی کے دوران ضلع کپواڑہ کے علاقے ہندواڑہ میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کردیا ہے ۔سرینگر ،وائل ، گاندربل سوپور ، کولگام او روادی کشمیر کے دیگر علاقوں میں بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے مظاہرین پر پیلٹ گن اور آنسو گیس کے بے دریغ استعمال سے سو سے زائد فراد زخمی ہو گئے جن میں کئی کی حالت تشویش ناک ہے ۔ بھارتی پولیس نے حریت رہنماء غلام نبی زکی کو سوپور کے علاقے تارزو سے گرفتار کرلیا ہے ۔ حریت رہنماء عبدالصمد انقلابی نے صحافیوں کو بتایا کہ سنبل میں حریت رہنماء کی رہائش گاہ پر چھاپے کے دوران پولیس نے ان کے تین بھائیوں اور بھتیجے کو گرفتار کرکے کسی نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔