خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فورسزکی بربریت جاری

سری نگر:(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں آزادی کے متوالوں کے خلاف بھارتی بربریت جاری ہے اور قابض فوج کی فائرنگ سے ایک اور کشمیری شہید جب کہ متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ حریت پسند کشمیری برہان وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر میں آزادی کے لیے پیدا ہونے والی نئی لہر کو دبانے کے لیے بھارتی فوج نے بربریت کی نئی داستانیں رقم کرنا شروع کردی ہیں، مسلسل کرفیو اور ناکہ بندی کے باعث وادی میں اشیائے خردونوش اور ادویات کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔ بھارتی حکومت نے 52 روزبعد گزشتہ روز کرفیو اٹھانے کا ڈھونگ رچایا تھا تاہم قابض فوج نے نام نہاد نرمی والے علاقوں کا محاصرہ کررکھا ہے اورسرچ آپریشن کے بہانے گھر گھر تلاشی کے نام پر نوجوانوں کی گرفتاری کا سلسلہ جاری ہے اور کٹھ پتلی ریاستی حکومت روایتی طریقے سے آنکھ بند کئے ہوئے ہے۔ بارہ مولا میں پر امن احتجاج کرنے والے مظاہرین پر بھارتی فورسز کی فائرنگ اور شیلنگ کے نتیجے میں ایک اور کشمیری شہید جب کہ 5 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ مقبوضہ کشمیرمیں گزشتہ ماہ تحریک آزادی کے نوجوان کمانڈر بربان مظفر وانی کی شہادت کے بعد سے جنت نظیر وادی میں بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے جس میں اب تک 90 کشمیری شہید اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔