خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیرمیں مزید 7 نوجوان کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جیل منتقل

سرینگر:(ملت+ اے پی پی)مقبوضہ کشمیرمیں کٹھ پتلی انتظامیہ نے 7 بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو جھوٹے الزامات کے تحت کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرکے جموں کی کوٹ بھلوال جیل منتقل کردیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انتظامیہ نے سمبل کے علاقے حاجن کے رہائشی 7نوجوانوں مبارک کول ، طاریق احمد لون ، تجمل رسول ، محمد ایوب ، بلال احمد ڈار، گلزار احمدراتھر اور امتیاز احمد ملک کو بھارت مخالف مظاہروں میں شرکت اورپتھراؤکے جھوٹے الزامات کے تحت کالا قانون پی ایس اے لاگو کرکے کوٹ بھلول جیل منتقل کردیا ہے ۔پولیس نے ان نوجوانوں کو حاجن سوناوری میں امن خراب، احتجاجی مظا ہروں میں شرکت ا ور پتھراؤ کرنے کی جھوٹے الزامات کے تحت گرفتار کیاتھا ، جس کے بعد ڈسٹرکٹ مجسٹر یٹ بانڈی پورہ کے حکم پر ان تمام نوجوانوں کے خلاف پی ایس اے عا ئد کیا گیا ۔ادھر انتظامیہ نے انسانی حقوق کے علمبردار خرم پرویز اور جماعت اسلامی کے رہنماء غلام محی الدین کوبھی گزشتہ روز کالاقانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر کے جموں کی کوٹ بھلوال اور کٹھوعہ جیلوں میں منتقل کردیا ہے ۔ وہ پہلے سے ہی پولیس کی حراست میں تھے۔