خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیرمیں 43 ویں روزبھی کرفیونافذ، 83 کشمیری شہید

سری نگر: (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی انتہا ہو گئی ، 43 روز سے وادی میں زندگی مفلوج ہے ، گھروں میں کھانے پینے کا سامان ختم ہو گیا ، ننھے بچے دودھ کے لیے بلکنے لگے ۔ بھارتی اخبار کا کہنا ہے کہ وادی میں صورتحال بریکنگ پوائنٹ پر آگئی ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں اپنے حق خود ارادیت کے لیے آواز بلند کرنا کشمیریوں کا جرم بن گیا ۔ بھارتی فوج نے نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کی انتہا کر دی ۔ گھروں کو قید خانہ بنا دیا گیا ، کسی کو گھر سے نکلنے کی اجازت دی گئی اور نہ ہی اشیائے خوردونوش وادی میں لانے دی جا رہی ہیں ۔ 43 روز سے کرفیو نافذ ہے ۔ کاروبار زندگی مکمل بند جبکہ اضلاع میں گاڑیوں کا داخلہ بھی روک دیا گیا ہے ۔ گھروں میں کھانے پینے کا سامان ختم ہونے کے بعد ننھے بچے بھوک سے بلکنے لگے ۔ بھارتی اخبار بھی کشمیریوں کی حالت زار پر چیخ اٹھے ۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق وادی میں صورحال بریکنگ پوائنٹ پر آگئی ہے ۔ ادھر وادی میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے اب تک 83 کشمیری شہید اور 8 ہزار زخمی ہیں ۔ جبکہ بھارتی ظلم و ستم کے خلاف وادی میں ہڑتال کی کال 25 اگست تک بڑھا دی گئی ہے ۔