خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر کو مکمل طو ر پر ایک فوجی چھاؤنی میں تبدیل

مقبوضہ کشمیر کو مکمل طو ر پر ایک فوجی چھاؤنی میں تبدیل
سرینگر: (ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموں کشمیر نے عبدالمجید لون ، محمد صدیق لون، مدثر احمد گنائی، شوکت احمد ، اخلاق احمد لون ، محمد سعید ملک، عبدالقیوم گنائی، اعجاز احمد میر اور مصیب احمد پر تیسری بار کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرنے اور ماسٹر علی محمد اور عبدالمجید پرے پر لاگو پی ایس اے دوسری مرتبہ عدالت کی طرف سے کالعدم قرار دیے جانے کے باوجود انہیں سمبل تھانے میں مسلسل بند رکھنے کی شدید مذمت کی ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق تحریک حریت کے ترجمان نے سرینگر میں جاری بیان میں کہا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ آزادی پسند کشمیریوں کو طاقت کے بل پر دبانے کی پالیسی پر بدستور عمل پیرا ہے اور پوری مقبوضہ وادی کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہتے کشمیریوں کے اندر خوف ودہشت کا ماحول قائم کرنے کے لیے مختلف ایجنسیوں کو استعمال کیا جارہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ کالے قوانین کا بلا جواز استعمال کیا جارہا ہے اور عدالتی احکامات کے باوجود نظر بندوں کو رہا نہیں کیا جارہا۔انہوں نے کہا کہ نظر بندوں کے گھروں میں گھس کر انکے اہلخانہ کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور گھریلو اشیا کی توڑ پھوڑ کی جاتی ہے۔ترجمان نے کہ ستر سالہ ماسٹر علی محمد گزشتہ دو سال سے مقبوضہ وادی سے باہر کی جیلوں میں بیماری کی حالت میں نظربند ہیں جو انتہائی افسوسناک ہے ۔ دریں اثنا تحریک حریت کے چیرمین سید علی گیلانی کی ہدایت پر محمد اویس، اشفاق احمد اور گلزار احمد پر مشتمل تنظیم کا ایک وفد بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں توصیف ، داؤد اور یونس کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کولگام گیا۔ تحریک حریت کے رہنما بشیر احمد قریشی نے سرینگر کے علاقے حیدرپورہ میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کیا۔ انہوں نے نماز کے بعد ایک احتجاجی مظاہرے کی قیادت بھی کی ۔ مظاہرے کے شرکا نے بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں زبردست نعرے لگائے۔