خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیرکی حریت قیادت نے29 ستمبرتک نیا احتجاجی کلینڈرجاری کردیا

سرینگر:(ملت+ اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی اور دیگر حریت رہنماؤں میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے وادی کشمیر میں جاری انتفادہ کے دوران بے گناہ شہریوں کے قتل عام کیخلاف احتجاجی کیلنڈر میں29ستمبر تک توسیع کردی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مشترکہ حریت قیادت نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں جاری کئے گئے احتجاجی کلینڈر میں مقبوضہ کشمیرمیںآزادی کے حق میں مارچ، ریلیاں اور احتجاجی مظاہرے شامل ہیں جبکہ بیرون ملک مقیم کشمیریوں سے بھی احتجاجی مظاہرے کرنے کی اپیل کی گئی ہے ۔ (آج) جمعہ کو حریت رہنماؤں نے کرناہ ، اوڑی ، چرار شریف ، کنگن ، شمالی کشمیر ، پامپور ، دیوسر، شوپیاں اور کوکرناگ کی طرف آزادی کے حق میں مارچ کرنے کی اپیل کی ہے ۔ کل ہفتہ کو مشترکہ حریت قیادت نے کشمیری عوام سے ہندواڑہ ، بونیار ، سونہ واری ، چاڈورہ ، لار، جنوبی سرینگر ، اونتی پورہ ، ڈی ایچ پورہ ، شوپیاں اور شانگس کی طر ف آزادی مارچ کرنے اور25 ستمبر اتوار کو کپواڑہ ، رفیع آباد، بانڈی پورہ ، خان صاحب، گاندربل ، سرینگر ، ترال ، کولگام ، شوپیان اور ڈورو کی طرف آزادی مارچ کرنے کی اپیل کی ہے ۔26ستمبرپیر کو بیرون ملک مقیم کشمیریوں سے ریفرنڈم مارچ کرنے کی اپیل کی گئی ہے ۔ اس روزجب بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 71ویں اجلاس سے خطاب کریں گی تو بیرون ملک مقیم کشمیری اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے حمایتی اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر ز اورپاکستان سمیت دنیا بھر میں بھارتی سفارتخانوں کے سامنے مارچ کریں گے ۔ مارچ کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈ زاور بینرز اٹھا رکھے ہوں گے جن پر عالمی ادارے کو جموں وکشمیر میں ریفرنڈم کرانے کا وعدہ یاد دلایا جائیگا اور اسکی توجہ جموں کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری جنگی جرائم کی طرف مبذول کرائی جائیگی ۔ مشترکہ حریت قیادت نے خواتین سے کہاہے کہ وہ 27ستمبربروز منگل کوکویوم خواتین کے طورپر منائیں۔ 28ستمبر بروز بدھ کو تریہگام ، پٹن ، حاجن ، کھاگ، واکورہ ، شہر خاص سرینگر ، پلوامہ ، کیموہ، کیلر اور پہلگام کی طرف آزاد ی مارچ کرنے کی اپیل کی گئی ہے ۔ 29 ستمبر جمعرات کو حریت قیدت نے آزادی کنونشن منعقد کرنے کی اپیل کی ہے ۔ حریت قیادت کی طرف سے کہاگیا ہے کہ پورے جموں وکشمیر میں احتجاج اور ہڑتال جاری رہے گی۔رات دس بجے سے صبح چھ بجے تک سڑکوں پر پرائیویٹ گاڑیوں کی آمد ورفت کو روکا نہیں جائیگا جبکہ لوگ گرفتاریوں اورچھاپوں سے بچنے کیلئے رات کو اپنے محلوں ،دیہات اورعلاقوں کو جانیوالے راستوں کو بند کردیں۔مغرب سے نماز عشاء تک مساجد میں آزادی کے ترانے بجائے جائیں گے۔