خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیرکے ضلع بانڈی پورہ میں بھارتی فوجیوں نے نوجوان کو شہید کردیا

سرینگر:(ملت+ اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران جمعرات کے روز ضلع بانڈی پورہ میں ایک نوجوان کو شہید کر دیا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوان کو ضلع کے علاقے آرہ گام میں چپران گجر پتھی کے مقام پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ بھارتی فوج نے دعوی ٰ کیا کہ شہید ہونے والا نوجوان مجاہد تھا جو فوجیوں کے ساتھ ایک جھڑپ میں مارا گیا۔ آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں فوجی آپریشن جاری تھا۔ دریں اثنا مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں نوجوانوں کے قتل کے خلاف جمعرات کو 76ویں روز بھی مکمل ہڑتال رہی۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے بھارت مخالف احتجاجی مظاہرے اور مارچ روکنے کے لیے سرینگر اور دیگر علاقوں میں کرفیو اور دیگر پابندیوں کا نفاذ جاری رکھا ہوا ہے ۔