خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر ، انتفادہ کا 100واں روز، 100 شہید، ہزاروں‌ زخمی، ہڑتال، مظاہرے، نظر بندی

مقبوضہ کشمیر ، انتفادہ کا 100واں روز،110افراد شہید، ہزاروں زخمی و گرفتار، نہتے شہریوں کی شہادت پر ہڑتال، مظاہروں کا سلسلہ جاری،حریت قیادت مسلسل نظر بند
سرینگر ۔ 16 اکتوبر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں عوامی انتفادہ کا آج 100 واں روز ہے جبکہ غیر قانونی بھارتی قبضے اور قابض فورسز کے ہاتھوں نہتے شہریوں کی شہادت پر پوری مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال اور احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ علاقے میں موجودہ انتفادہ 8جولائی کو ممتاز مجاہد کمانڈر برہان مظفر وانی کے ماورائے عدالت قتل کے بعد شروع ہوا تھا۔ گزشتہ تقریباً ساڑھے تین ماہ کے دوران قابض بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ وادی کے اطراف و اکناف میں جاری پر امن احتجاجی مظاہرین پر فائرنگ ، مہلک پیلٹ بندوق کے استعمال اور آنسو گیس کی شیلنگ کے نتیجے میں اب تک 1سو 10افراد شہید جبکہ 15ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ سینکڑوں نوجوانوں کی آنکھیں پیلٹ لگنے سے متاثر ہوئی ہیں جن میں سے بیسیوں عمر بھر کے لیے بینائی سے محروم ہو چکے ہیں۔ دریں اثنا بے گناہ شہریوں کے قتل کے خلاف آج100ویں روز بھی مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال ہے جس کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی اور حریت رہنماؤں میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل متحدہ مزاحمتی قیادت نے دے رکھی ہے۔دکانیں ، کاروباری ادارے ، پڑول پمپ بند ہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمد و رفت معمل ہے۔قابض انتظامیہ نے سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، محمد یاسین ملک ، شبیر احمد شاہ سمیت تمام حریت قائدین کو احتجاجی مظاہروں کی قیادت سے روکنے کیلئے 8 جولائی سے اب تک گھروں ، جیلوں اور تھانوں میں مسلسل نظر بند کر رکھا ہے ۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے ہزاروں نوجوانوں کو بھی گرفتار کر کے جیلوں میں بند کر دیا ہے جبکہ کئی حریت رہنماؤں اور کارکنوں سمیت سینکڑوں نوجوانوں کے خلاف کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کیا جاچکا ہے۔