خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر: آر ایس ایس کی ریلیوں کی خلاف ہڑتال 99ویں روز بھی جاری

مقبوضہ کشمیر، ہندو انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس کی ریلیوں کے خلاف مکمل ہڑتال، مقبوضہ وادی میں مسلسل 99 ویں روز بھی ہڑتال
سرینگر ۔ 15 اکتوبر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں جموں خطے کے اضلاع کشتواڑ اور ڈوڈہ میں ہندو انتہا پسند جماعت راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کی ریلیوں کے خلاف ہفتے کو مکمل ہڑتال کی گئی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کی کال مختلف مساجد کے آئمہ کرام اور مذہبی تنظیموں پرمشتمل مجلس شوریٰ کمیٹی نے دی تھی۔ہڑتال کا مقصد مقبوضہ وادی کشمیر کے لوگوں سے اظہار یکجہتی بھی کرنا تھا جو 8جولائی کو ممتاز مجاہد کمانڈر برہان مظفر وانی کے ماورائے عدالت قتل کے بعد بھارتی فورسز کے ہاتھوں سخت مظالم کا شکار ہیں۔ تمام دکانیں، کاروباری ادارے اور سکول بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل تھی۔سرکاری دفتروں میں بھی حاضری کم تھی ۔ دریں اثنا بھارتی فورسز کے ہاتھوں بے گناہ شہریوں کے قتل کے خلاف مقبوضہ وادی کشمیر میں ہفتے کو مسلسل 99ویں روز بھی مکمل ہڑتال کی گئی۔ ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی اور حریت رہنماؤں میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے دے رکھی ہے۔