خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر: افضل گورو کی برسی پرسوپور میں شہید کے گھر پر تقریب کا انعقاد

مقبوضہ کشمیر:

مقبوضہ کشمیر: افضل گورو کی برسی پرسوپور میں شہید کے گھر پر تقریب کا انعقاد

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں جموں کشمیر ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی کے زیر اہتمام محمد افضل گوروکی شہادت کی برسی پرسوپور میں انکے گھر پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں قابض انتظامیہ کی پابندیوں کے باوجود لوگوں کی ایک بڑی تعداد شامل ہوئی۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق تقریب میں فریڈم پارٹی کے وفد کی قیادت انجینئر فاروق کررہے تھے۔ وفد میں انجینئر فاروق کے علاوہ پیر عنایت اللہ، محمد امین، رمیز احمد، عاشق حسین اور غلام محمد مقدم شامل تھے۔ انجینئر فاروق اور دیگر مقررین نے اس موقع پر کہا کہ شہید محمدافضل گورو ، شہید محمدمقبول بٹ اور شہدائے کشمیر جنہوں نے ایک مقدس مشن کیلئے اپنی زندگیاں نچھاور کیں اوریہ تمام شہداء کشمیریوں ہیرو ہیں۔ انہوں نے شہید محمد افضل گورو اور شہید محمد مقبول بٹ کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام اپنے عظیم شہداء کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ مقررین نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ نئی دلی کی تہاڑ جیل میں دفن دونوں شہیدوں کی میتوں کو کشمیریوں کے حوالے کرنے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالیں تاکہ انکی عقیدت و احترام سے تدفین کی جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے11فروری 1984جبکہ محمد افضل گورو کو 9فروری 2013کو تختہ دار پر چڑھا کر کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے کی کوشش کی لیکن وہ اپنے مذموم منصوبے میں ناکام رہا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کا لہو ایک روز ضرور رنگ لائے گااور کشمیربھارت کے جابرانہ تسلط سے آزاد ہو گا۔ مقررین نے کہا کہ افضل گورو اور مقبول بٹ جیسے عظیم شہداء کو خراج پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ انکے مشن کو مقصد کے حصول تک ہر قیمت پر جاری رکھا جائے۔ تقریب کے اختتام پر شہید افضل گورو اور شہید محمد مقبول بٹ کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔