خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر انتظامیہ نے غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹس کا اجرا شروع کردیا

جموں: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں کٹھ پتلی انتظامیہ نے آبادی کا تناسب بگاڑنے کے اپنے مذموم عزائم کے تحت غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹس جاری کرنا شروع کردیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پی ڈی پی اور بی جے پی کی کٹھ پتلی انتظامیہ نے بھارتی حکومت کے احکامات پر مغربی پاکستان کے غیر کشمیری مہاجرین کو مستقل اقامتی اسناد جاری کرنے کا نائب تحصیلداروں کو اختیار دیدیا ہے ۔ ڈویژنل کمشنر جموں ڈاکٹرپون کوتوال نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ بھارتی حکومت نے کٹھ پتلی انتظامیہ کو مغربی پاکستان کے مہاجرین کو ایک مخصوص فارمیٹ پر اقامتی ا سناد جاری کرنے کا حکم دیا ہے جس پر یہ لکھا گیا ہو گاکہ وہ جموں وکشمیر میں رہتے ہیں۔بی جے پی نے جو ان مہاجرین کو شہریت اور ووٹ ڈالنے کا حق دینا چاہتی ہے کہاہے کہ یہ صرف ایک آغاز ہے اور ان مہاجرین کو وہ تمام مراعات دی جائیں گی جو مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حاصل ہیں۔ جموں وکشمیر کے اسٹیٹ سبجیکٹ لاء کے تحت کوئی بھی غیر کشمیری جموں وکشمیر کی شہریت حاصل نہیں کر سکتا ہے ۔ تاہم نریندر مودی کی سربراہی میں بھارتی حکومت مقبوضہ علاقے میں غیر کشمیریوں کو آباد کر کے جموں وکشمیر میں آبادی کا تناسب بگاڑنے کیلئے اس قانون کی خلاف ور زی کی مرتکب ہو رہی ہے۔ نریندر مودی نے مارچ 2014میں لوک سبھا کے انتخابات کے دوران ہیرا نگر میں منعقدہ انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مغربی پاکستان کے مہاجرین کو شہریت اور حق رائے دہی دینے کا اعلان کیا تھا ۔