خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر : اوڑی میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ایک اور نوجوان شہید

مقبوضہ کشمیر، بھارتی

مقبوضہ کشمیر : اوڑی میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ایک اور نوجوان شہید
سرینگر(اے پی پی،ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران منگل کو ضلع بارہ مولہ میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کردیاہے جس سے گزشتہ تین دن کے دوران علاقے میں شہید ہونیوالے نوجوانوں کی تعداد بڑھ کر 5 ہو گئی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوان کو ضلع میں اوڑی کے علاقے زورآور میں جاری پرتشدد کارروائی کے دوران شہید کیا۔ آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں فوجی کارروائی جاری تھی۔اس سے قبل بھارتی فوجیوں نے اوڑی کے علاقے کلگائی میں جاری کارروائیوں کے دوران اتوارکوتین نوجوانوں جبکہ پیر کو ایک اور نوجوان کو شہید کردیاتھا ۔
مقبوضہ کشمیرمیں میرواعظ عمرفاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے شہر خاص کے بیشتر علاقوں میں کرفیو جیسی پابندیاں عائد کرنے کٹھ پتلی انتظامیہ کی فسطائی ذہنیت پر مبنی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر میں کہیں بھی کوئی واقعہ رونما ہو تو شہر خاص کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق حریت فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ یہ کٹھ پتلی انتظامیہ کا وطیرہ بن گیا ہے کہ وہ بار بار شہر خاص کو پابندیوں اور بندشوں کے دائرے میں رکھ کرعلاقے کے لاکھوں لوگوں کی نقل و حرکت کو مسدود کرکے انہیں انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ نام نہاد حکمران امن و قانون کا بہانہ بناکر آئے روز پورے علاقے میں پابندیاں عائد کر کے لوگوں کی مشکلات اور مصائب نہ صرف بڑھا دیتے ہیں بلکہ ان پابندیوں سے مریضوں ، معصوم بچوں اوردیگر افراد کو بھی شدید تکلیف اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑر ہا ہے جو ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے۔