خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر : بھارتی سی آرپی ایف اہلکاروں کاصحافی پر بدترین تشدد

سرینگر ۔ 19 اکتوبر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی سینٹرل ریزرو پولیس فورس نے آج سرینگر میں ضلع بانڈی پورہ کے ایک صحافی کوبدترین تشدد کا نشانہ بنایا ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والے روزنامہ گریٹر کشمیر سے وابستہ عرفان پرے نے صحافیوں کو بتایا کہ بھارتی فورسز نے انہیں غیر انسانی تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے ان کی ٹانگ توڑ دی ہے ۔انہوں نے کہاکہ وہ آج صبح اخبار لینے کیلئے پریس انکلیو سرینگر کی طرف جارہے تھے جب سی آر پی ایف کے اہلکاروں نے انہیں روکا اور بلا جواز طورپر تشدد کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہاکہ ایک فوجی نے ان سے سوال کیاکہ انہوں نے اپنی گاڑی کیوں نہیں روکی جبکہ اس نے ایسا کرنے کیلئے کہا ہی نہیں تھا۔انہوں نے بتایا کہ فورسز اہلکاروں نے انہیں گالیاں دیں اور تھپڑ مارے اورگاڑی سے زبردستی باہر نکال کر لاٹھیوں سے بدترین تشدد کیا۔انہوں نے کہاکہ ان کے والد اہلکاروں سے تشدد بند کرنے کی منت کرتے رہے تاہم انہوں نے ایک نہ سنی ۔آخر میں ایک فوجی کے یہ کہنے پر کہ آج کیلئے کافی ہے انہوں نے تشدد بند کیا ۔انہوں نے کہاکہ وہ سی آر پی ایف کے اہلکاروں کے خلاف شکایت رجسٹر کرانے کیلئے بٹہ مالواور شہید گنج تھانے گئے تاہم پولیس اہلکاروں نے ان کی بات سننے بغیر ہی انہیں واپس جانے کیلئے کہا ۔