خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوجیوں کےہاتھوں مذید 2 کشمیری نوجوان شہید

سرینگر :(اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں کے دوران اسلام آباد اور بارہمولہ کے اضلاع میں دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے ضلع اسلام آباد کے علاقے سیر ہمدان میں مظاہرین پر فائرنگ اور پیلٹ گن کے بے دریغ استعمال سے بیس سالہ نوجوان نصیر احمد ڈار کو شہید کردیا۔ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے زبردستی گھروں میں داخل ہوکر خواتین اورمعمر افراد سمیت اہلخانہ کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا جس کے خلاف علاقے میں مظاہرے کئے گئے۔سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال میں سترہ سالہ مصیب مجید ناگو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ۔ مصیب دوروز قبل ضلع بارہمولہ کے علاقے وڈورہ میں بھارتی فورسز کی طرف سے آنسو گیس کا شیل لگنے کی وجہ سے شدید زخمی ہوگیاتھا ۔ مذید دو نوجوانوں کی شہادت سے اسلام آباد کے علاقے کوکرناگ میں آٹھ جولائی کو مجاہدکمانڈر برہان وانی کے ماورائے عدالت قتل کے بعد شہید ہونیوالے کشمیریوں کی تعداد بڑھ کر 91 ہوگئی ہے ۔بھارتی فورسز کی پرتشدد کارروائیوں میں اب تک دس ہزار سے زائد افراد زخمی بھی ہو چکے ہیں۔ادھر انتظامیہ نے سرینگر اور وادی کشمیر کے بعض دیگر علاقوں میں منگل کو کرفیو جیسی پابندیاں عائد کردیں ۔ وادی کشمیرمیں گزشتہ ساٹھ دنوں سے مسلسل سرکاری پابندیاں نافذ اور ہڑتال جاری ہے۔ مقبوضہ وادی میں پبلک ٹرانسپورٹ اور انٹرڈسٹرکٹ بس سروس معطل ہے ۔ تمام دکانیں ، تجارتی مراکز ، سکول اور کالجز مسلسل بند ہیں۔