خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر: بھارتی پولیس نےمعمرشخص کوتین بیٹوں سمیت گرفتارکرلیا

سرینگر ؛ (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے ضلع بانڈی پورہ میں ایک 70سالہ شخص اور اس کے3بیٹوں کو گرفتار کر لیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس نے غلام نبی ڈار نامی معمر شخص اور اس کے بیٹوں کو ضلع کے علاقے چیوہ لام صدر کوٹ میں رات کے وقت ان کے گھر پر چھاپے کے دوران پتھراؤکے جھوٹے مقدمے میں گرفتار کیا۔ علاقے کے لوگوں نے عمر رسیدہ شخص کی گرفتاری کے خلاف زبردست احتجاج کیا ۔ انہوں نے گرفتار افراد کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ دریں اثنا سوپور کے مختلف دیہات میں لوگوں نے بڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے کیے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی پولیس لوگوں کو شام چھ بجے کے بعد بھی دکانیں بند رکھنے پر مجبور کر رہی ہے اور اس نے قصبے کے دیہات آرم پورہ، بٹ پورہ ، شال پورہ ، مسلم پیر ، بابا یوسف ، خوشحال متو ،وارپورہ، بوٹینگو ، واڈورہ ، ہرد شوا ، سعد پورہ ، تارزو وغیرہ میں لوگوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔جامع قدیم چھانکھن میں لوگوں نے رات کے وقت مشعل بردار جلوس نکالا۔لوگوں نے اس دوران بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں زبردست نعرے لگائے۔ سوپور کپواڑہ شاہرہ پر بھی لوگوں نے احتجاجی دھرنا دیا۔ بھارتی پولیس نے دھرنے کے شرکا کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شدید شیلنگ کی جسے کے باعث متعدد مظاہرین زخمی ہو گئے۔یاد رہے کہ حریت قیادت نے دکانداروں سے اپیل کر رکھی ہے کہ وہ دن بھر کی ہڑتال کے بعد شام چھ بجے کے بعد رات گئے تک دکانیں کھلی رکھے تاکہ لوگ اشیائے ضروریہ کی خریداری کر سکیں۔