خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر جنوبی ایشیاء کا سب سے بڑا عسکری زون بن چکا ہے

اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے سینئر نائب صدر و سابق وزیر ہاؤسنگ وفزیکل پلاننگ چوہدری پرویز اشرف نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر جنوبی ایشیاء کا سب سے بڑا عسکری زون بن چکا ہے ، قابض بھارتی افواج کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑتوڑ رہی ہے ۔حکومت پاکستان کشمیریوں کے ساتھ روارکھے جانے والی سرد مہری کا رویہ ختم کریاور مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کو بین الاقوامی سطح پر اٹھائے۔ وہ آج یہاں مختلف وفود سے بات چیت کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان فوری طور پر اقوام متحدہ اور عالمی عدالت انصاف میں کشمیر کا مسئلہ اٹھائے،تاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ہونے والے مظالم کم ہوسکیں، انہوں نے کہا کہ اقوام عالم مقبوضہ کشمیر کی اس بگڑتی ہوئی صورتحال کا فوری نوٹس لے ۔ ایسا نہ ہو کہ مقبوضہ کشمیر کا آتش فشاں پھٹ پڑے، اقوام عالم امن کے قیام کیلئے فوری طور پر بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں مزید ایک لاکھ فوج تعینات کرنے کی منظوری دی ہے ۔اس کا واضح مطلب یہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر بھارت کے کنٹرول میں نہیں ہے ۔ پہلے ہی وہاں پر آٹھ لاکھ فوج موجود ہے مزید ایک لاکھ کی منظوری اس بات کی غمازی ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹے ۔ بھارتی افواج دنیا کے خطرناک ترین ہتھیار پیلٹ گنوں سے نہتے عوام پر براہ راست فائرنگ کررہا ہے گزشتہ ایک سال کے دوران پانچ سو سے زائد بے گناہ شہریوں کو شہید کرنے کے علاوہ ہزاروں افراد کو زخمی اور ٹارچر کیمپوں میں قید کردیاگیاہے۔ اس کے علاوہ لاکھوں روپے کی جائیدادوں کو آگ لگادی گئی ہے ان تمام مظالم کے باوجود کشمیری عوام کا جذبہ سرد نہیں ہوا ۔ بلکہ مزید بڑھا ہے انہوں نے کہا کہ اقوام عالم خصوصی طور پر انسانی حقوق کی تنظمیں آگے بڑھ کر مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کو روکنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی دگرگوں ہوچکی ہے ۔ کشمیری عوام کو نماز پڑھنے کی بھی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ ان حالات میں حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کیلئے بین الاقوامی طور پر ہنگامی بنیادوں پر کام کرے۔