خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر دو روز میں 100کشمیری گرفتار

سرینگر:(اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے کشمیری نوجوانوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے گزشتہ2دنوں کے دوران100کے قریب کشمیریوں کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ بڑے پیمانے پر چھاپہ مار کاروائیاں بھی جاری ہیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وادی کے شمال و جنوب میں بھارتی فورسز اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے بڑے پیمانے پر چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔مقامی شہریوں کو کہنا ہے کہ فورسز اہلکار رات کے وقت گھروں پر چھاپے مار کر مکینوں کا زد وکوب کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ فورسز اہلکار بے گناہ کشمیری نوجوانوں کے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کر کے انکے اہلخانہ کو تنگ اور حراساں کرنے کے علاوہ انکے رشتہ داروں کو گرفتار بھی کرر ہے ہیں۔ ادھر پولیس نے تصدیق کی ہے کہ گزشتہ2دنوں کے دوران وادی میں100کے قریب نوجوانون کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔زونل پولیس ہیڈ کوارٹرز کشمیر کے ترجمان کے مطابق گزشتہ روز نجی گاڑیوں،دکانوں اور مکانوں کو نقصان پہنچانے کے علاوہ سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑے کرنے والے عناصر کے خلاف کاروائی میں 54 افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ یہ سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا جس کے دوران سوپور اور شوپیاں سے مجموعی طور پر45 نوجوانوں کی سنگبازی کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ گزشتہ ڈھائی ماہ سے حریت قائدین اورکشمیری نوجوانوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے جس کے دوران قریب2ہزار نوجوانوں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی جن میں سے کئی ایک کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جیلوں میں نظر بند کیا گیا۔