خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر: سکھوں اور مسلمانوں کا مشترکہ احتجا ج

سرینگر:(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں ضلع اسلام آباد کے علاقے عشمقام میں بھارتی پولیس اور پیراملٹری فورس کے ہاتھوں سکھوں کے گردوارے کی بے حرمتی کے خلا ف زبردست بھارت مخالف مظاہرے ہوئے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی پولیس اور پیراملٹری فورس کے اہلکار جوتوں سمیت سکھوں کے مقدس مقام میں داخل ہوئے۔ بھارتی فورسز کے اہلکارسکھوں کے گھروں میں بھی داخل ہوئے اور مکینوں کو ہراساں کیا اور سامان کی توڑ پھوڑ کی۔گردوارے کی بے حرمتی کے خلاف سکھوں اور مسلمانوں نے مشترکہ طور پر احتجاجی مظاہرہ کیااور بھارتی پولیس اور پیراملٹری فورس کے خلاف نعرے لگائے۔ بھارتی فورسز نے ضلع کے علاقے سالیہ میں آزادی کے حق میں ریلی کو روکنے کی کوشش کی لیکن لوگوں کی شدید مزاحمت کے بعدوہ بھاگ کھڑے ہوئے تاہم جھڑپوں کے دوران 12شہری زخمی ہوئے۔ بھارتی فورسز بعد میں سکھ برادری کے نزدیکی گاؤں نوگام میں داخل ہوئیں اور بلا اشتعال آنسو گیس کے گولے داغے اور مقامی گردوارے کی بے حرمتی کی۔ گردوارہ پر بندھک کمیٹی کے مقامی سربراہ تیرتھ سنگھ نے کہا کہ بھارتی فوسزنے گردوارے کی بے حرمتی کی اور اس کے شیشے توڑدیے۔انہوں نے کہا کہ فورسزنے لوگوں پر آنسو گیس کے گولے داغے اور سکھ برادری کے گھروں کے شیشے توڑ دیے۔ کمیٹی کے سیکرٹری سریندر سنگھ نے کہا کہ علاقے میں سکھوں اور مسلمانوں کے درمیان ہمیشہ برادرانہ تعلقات رہے ہیں اورہم نے موجودہ احتجای تحریک سمیت زندگی میں کبھی خو د کو غیر محفوظ محسوس نہیں کیا۔ تحریک حریت کے رہنماؤں میر حفیظ اللہ،ریاض احمد، الطاف احمد ندوی اورجموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے مقامی رہنما شوکت احمد نے گاؤں کا دورہ کیا اور سکھ برادری کو ہرممکن مدد کی یقین دہائی کرائی۔رہنماؤں نے گاؤں کے باشندوں سے کہا کہ ہم سکھ بھائیوں کو ہراساں کرنے یاان کے مذہبی مقامات کی بے حرمتی برداشت نہیں کریں گے۔