خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر: سی آر پی ایف کی مزید77کمپنیاں تعینات

سرینگر :(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی مزید77اضافی کمپنیاں تعینات کردی ہیں تاکہ وادی کے ہرعلاقے میں دن رات کرفیو نافذ کرکے موجودہ احتجاجی تحریک کو دبایا جاسکے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز کے ہاتھوں 8جولائی کو حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی شہادت سے پہلے کشمیر میں سی آر پی ایف کے تقریباً 50ہزار اہلکار تعینات تھے۔ برہان وانی کی شہادت کے بعد جاری احتجاجی تحریک کو دبانے کے لیے سی آر پی ایف کی مزید 77کمپنیاں تعینات کی گئیں جن میں سے 60کمپنیاں پنجاب ، ہریانہ، دہلی،راجستھان، مدھیہ پردیش،اترپردیش، بہار، چنئی، حیدر آباد، منی پور، میزورام اور آسام سے لائی گئیں جبکہ یاترا ڈیوٹی کے لیے لائی گئی اضافی کمپنیوں کو بھی کشمیر کے مختلف مقامات پر تعینات کیا گیا ہے۔ سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے سپیشل ڈائریکٹر جنرل ایس این شریواستوا نے صحافیوں کو بتایا کہ سی آر پی ایف کی مزید کمپنیوں کی ضرورت محسوس کی جارہی تھی کیونکہ کچھ علاقوں میں کوئی فورس تعینات نہیں تھی۔انہوں نے کہا کہ اب ہمارے پاس مزید فورس موجود ہے اوراب ہم رات دن کرفیو نافذ کرسکیں گے۔