خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر: شہید ہونے والوں کی تعداد 93ہوگئی

سرینگر ۔:(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے سرینگر میں ایک اور شہری کو شہید کر دیا جسکے بعد مقبوضہ علاقے میں جاری انتفادہ کے دوران شہید ہونے والوں کی تعداد 93ہو گئی۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق 47سالہ شہری عبدالقیوم کو بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکارں نے جمعہ کے روز حیدر پورہ کے علاقے میں شدید مار پیٹ کا نشانہ بنایا تھا جس کے بعد اسے تشویشناک حالت میں صورہ ہسپتال سرینگر میں داخل کیا گیا تھا جہاں وہ رات کو دم توڑ گیا۔ شہید کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ مارپیٹ کے باعث اسکے سر میں سخت چوٹ آئی تھی جو اسکی موت کی وجہ بنی۔عبدالقیوم کی شہادت کے بعد 8جولائی کو بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ممتاز مجاہد کمانڈر برہان مظفر وانی کے ماورائے عدالت قتل کے بعد مقبوضہ وادی میں شہیدہونے والے کشمیریوں کی تعداد بڑھ کو 93ہو گئی ہے جبکہ بھارتی فورسز کی طرف سے گزشتہ 63روز کے دوران پر امن مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کے نتیجے میں11 ہزار سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ سرینگر کے عالی کدل اور دیگر علاقوں میں لوگوں نے سڑکوں پر آکر واقعے کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے کیے ۔ انہوں نے بھارتی پولیس کے اس دعوے کو مسترد کر دیا کہ عبدالقیوم سڑک حادثے کے سبب شہید ہوا۔