خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں امتحانات کے خلاف کشمیری طلباء کا احتجاج جاری

سرینگر ۔ 18 اکتوبر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں امتحانات مقررہ وقت پر اور مشتہر شدہ ڈیٹ شیٹ کے مطابق منعقد کرنے کے کٹھ پتلی انتظامیہ کے فیصلے کے خلاف کشمیری طلباء نے پریس کالونی میں احتجاج کیا اور آزادی کے حق میں نعرہ بازی کی۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق درجنوں طلباء جنہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے پریس کالونی میں جمع ہوئے اورانہوں نے بائیکاٹ بائیکاٹ امتحان بائیکاٹ ، محکمہ تعلیم اور امتحان کے انعقاد کے خلاف فلک شگاف نعرے بلند کئے۔ پریس کالونی میں احتجاج میں شامل طلباء کا کہنا تھا کہ حالیہ انتفادہ کے دوران بھارتی فورسز کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کو ہرگز نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی ایسے نوجوانوں کے بغیر وہ امتحان میں شریک ہو ں گے جن کی پیلٹ گن کے وحشیانہ استعما ل کی وجہ سے بینائی چھین لی گئیں ہیں۔طلباء کا کہنا ہے کہ وادی کشمیرمیں گزشتہ تین ماہ کے دوران سوسے زائد کشمیریوں کوشہید 15ہزار کے قریب لوگوں کو زخمی جبکہ سینکڑوں کو بینائی سے محروم کردیاگیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہزاروں طلباء جیلوں میں نظربند ہیں اور لاتعداد کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جموں کی جیلوں میں منتقل کردیاگیا ہے۔ ان کا مذید کہنا تھا کہ ایسے حالات میں امتحانات میں شرکت کرنا نہتے کشمیریوں کی قربانیوں سے کھلواڑ کے مترادف ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ امتحان دینے کی بات تودور ہم خو کو ہی نہیں سنبھال پا رہے ہیں کیونکہ مقبوضہ علاقے کے حالات نے ہمارے ذہنوں پر گہرا اثر چھوڑا ہے ۔یاد رہے کہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے چند دن قبل دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات کی تاریخوں کا اعلان کیاتھا جس کے بعد سے مقبوضہ علاقے میں کشمیری طلباء احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔