خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں بائیکاٹ کی کال کا اثر حاوی ،لوگوں نے ووٹ ڈالنے سے انکار کر دیا

سری نگر (ملت آن لائن + آئی این پی) مقبوضہ کشمیر میں بائیکاٹ کی کال کا اثر حاوی ،لوگوں نے ووٹ ڈالنے سے انکار کر دیا ، ووٹنگ کی شرح صرف دو فیصد ، بھارتی فورسز کے ہاتھوں 8 نوجوان شہید ہوگے ۔ غیر ملکی میدیا کے مطابق بھارتی انتخابی کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ کشمیر میں سرینگر کی لوک سبھا سیٹ کے لیے ہونے والے ضمنی انتخاب میں 38 پولنگ مراکز پر دوبارہ ووٹنگ میں صرف دو فیصد وو ٹ ڈ الے گئے ہیں ۔سری نگر کی پارلیمانی سیٹ کے لیے ضمنی انتخابات میں ریاست کے سابق وزیر اعلی اور نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ بھی انتخاب لڑ رہے ہیں، پارلیمانی نشست سرینگر، بڈگام اور گاندربل اضلاع پر مشتمل ہے۔ 30 سال میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ یہاں لوگوں نے پولنگ مراکز کا رخ نہیں کیا اور پرتشدد مظاہرے ہو رہے ہیں ۔اتوار کو علیحدگی پسندوں کے بائیکاٹ کی اپیل کے درمیان سرینگر، بڈگام اور گاندر بل جیسے علاقوں میں مظاہرین زبردست سنگ بازی کی تھی اور کئی پولنگ مراکز کو آگ لگا دی گئی تھی اور بھارتی سکیورٹی فورسز نے8 نوجوانوں کو شہید کر دیا تھا۔مبصرین کے مطابق کشمیر میں عموما ویسے بھی پولنگ کم ہوتی ہے لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ لوگ تقریبا ووٹ ڈالنے ہی نہیں نکلے۔ماہرین کے مطابق گذشتہ 30 برسوں میں پہلی بار ووٹنگ کی شرح نہایت کم رہی اور الیکشن پر علیحدگی پسندوں کی طرف سے دی گئی بائیکاٹ کی کال کا اثر حاوی رہا۔