خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشتگردی بڑھ رہی ہے: محمد یٰسین

لندن (ملت + آئی این پی) آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری محمدیٰسین نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی بڑھ رہی ہے ۔ ایک ہفتے کے دوران 8کشمیری بے گناہ جوانوں کی شہادت سے وادی میں حالات زیادہ کشیدگی اختیار کرچکے ہیں ،اقوام عالم خاص کر اقوام متحدہ اوراو آئی سی ا کو اس معاملے میں فوری قدم اٹھانا چاہئے ۔ وہ آج یہاں لندن پہنچنے پر استقبالیہ وفد سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ وادی میں ریاستی دہشتگردی میں اضافہ کردیا ہے۔ گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران 8کشمیری نوجوانوں کی شہادت کے ساتھ ساتھ لائن آف کنٹرول پر نہتی آبادیوں پر فائرنگ کا سلسلہ شروع کردیا گیا جس سے دو جوان شہید ہو گئے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کی اس ریاستی دہشتگردی کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں ۔ اور اقوام عالم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر مبصرین کو مقبوضہ وادی میں بھجوائیں تاکہ وہاں کے اصل حالات سامنے آسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت پر جنگی جنون سوار ہے ۔ اور وہ اس جنون میں کنٹرول لائن پر بغیر کسی اشتعال کے فائرنگ کررہا ہے ، پاک افواج نے اس بلااشتعال فائرنگ کا موثر جواب دیا ہے ۔ اقوام عالم مسئلہ کشمیر کی اس سلگتی ہوئی چنگاری کو شعلہ بننے سے روکے اور ایسا نہ ہو کہ دو بڑی ایٹمی قوتیں آمنے سامنے آجائیں جس سے جنوبی ایشیاء میں حالات خراب ہوسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ برطانوی پارلیمنٹ کے اراکین نے مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ جو یکجہتی کااظہار کیا ہے وہ ایک احسن قدم ہے ، برطانوی حکومت کو بھی چاہئے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔کیونکہ یہ مسئلہ برطانوی راج کے دوران ہی اقوام متحدہ میں گیا تھا ۔ 65سال گزر جانے کے باوجود اس مسئلے کا حل نہ ہونا نا صرف برطانیہ بلکہ اقوام متحدہ کیلئے بھی ایک سوالیہ نشان بن چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں امن کیلئے ضروری ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادں کے مطابق استصواب رائے کروایاجائے۔ اور اس کیلئے فی الفور کام شروع کیاجائے۔ انہوں نے تھب سیکٹر میں بھارتی افواج کی بزدلانہ گولہ باری سے دو جوانوں کی شہادت کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت کو جنگی جنون سے روکا جائے جو وہ نہتے کشمیریوں پر کررہاہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اورآزادکشمیر کے عوام بھارتی جارحیت اور بربریت کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں ۔کشمیریوں نے اپنی کٹھن اور صبر آزماجدوجہد کے ذریعے اقوام عالم کو بتا دیا ہے کہ ہم آزادی سے کم کوئی چیز قبول نہیں کریں گے ۔