خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فضائیہ کے اہلکار کی خودکشی

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فضائیہ کے اہلکار کی خودکشی

سرینگر (ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فضائیہ کے ایک اہلکار نے اودھمپور میں خود کو پھندہ لگاکرخودکشی کرلی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق تیس سالہ ساچن کمار سنگھ کی لاش ضلع میں واقع ائیر فورس اسٹیشن میں اس کے کوارٹر میں چھت کے پنکھے سے لٹکی ہوئی پائی گئی۔ سرکاری حکام کے مطابق فوری طورپراتر پردیش کے شہر آگرہ کے رہائشی ساچن کی خودکشی کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ جنوری 2007ء سے اب تک مقبوضہ کشمیرمیں خودکشی کرنے والے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی تعداد بڑھ کر 395 ہوگئی ہے۔ ادھر ضلع جموں میں اکھنور کے علاقے ڈومی میں بھارتی فوج کاایک اہلکار مندیپ سنگھ دریائے چناب میں ڈوب کر ہلاک ہوگیا ۔ حکام کے مطابق وہ ڈومی میں ایک سرکاری کورس کر رہاتھا۔ کچھ فوجی اہلکار تیراکی کی مشق میں مصروف تھے جب مندیپ سنگھ ڈوب کر ہلاک ہوگیا۔

…………………………………….

اس خبر کو بھی پڑھیے….مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مذاکرات پر زور ایک ڈھونگ ہے، میرواعظ فورم

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم نے نام نہاد حکمرانوں کی جانب سے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مذاکرات پر زور دینے کو ایک ڈھونگ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس ڈرامے کا مقصد مقبوضہ علاقے میں تیزی سے بگڑتی ہوئی زمینی صورتحال پر سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ یہ منافقت کی انتہاء ہے کہ یہ لوگ ایک طرف کشمیری عوام پر مسلسل ظلم و ستم ڈھارہے ہیں اور مقبول حریت قیادت کو گھروں میں نظر بند کرکے اُن کی سیاسی سرگرمیوں پر قدغنیں عائد کررہے ہیں لیکن دوسری طرف عوام اور عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے ہمدردی کا ڈرامہ بھی رچارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کی اتحادی پی ڈی پی مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے تنازعے کے تمام فریقوں کے درمیان مذاکرات، مفاہمت اور باہمی اعتماد پر زور دیتی ہے تاہم دوسری طرف وہ کشمیری عوام کو مسلسل ظلم وتشدد کا نشانہ بنارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اور حریت قیادت حکمرانوں کے ان ہتھکنڈوں سے اچھی طرح سے واقف ہیں اور کسی بھی طرح کے ظلم و ستم یا جبر و زیادتیوں سے تحریک کے تئیں اُن کی وابستگی کو کمزور نہیں کیا جاسکتا۔ حریت فورم کے ترجمان نے فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کی مسلسل گھر میں نظربندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے کٹھ پتلی انتظامیہ کی آمرانہ اور سیاسی انتقام پر مبنی سوچ کی عکاسی ہوتی ہے۔انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ سیاسی محاذ پر حریت رہنماؤں کا مقابلہ کرنے کے بجائے انتظامیہ فوجی طاقت کے پر کشمیری عوام اور حریت قیادت کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو کمزور کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ میر واعظ کی بار بار گھر میں نظربندی کا مقصد انہیں کشمیری عوام کی خواہشات کی نمائندگی کرنے سے روکنے کیلئے دباؤ بڑھانا ہے۔