خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے مزید6 کشمیری شہید

سری نگر:(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے مزید6 کشمیری شہید ہوگئے جس کے بعد 39 روز کے دوران قابض فوج کی بربریت کے نتیجے میں شہادتوں کی تعداد 87 ہوگئی۔ مقبوضہ کشمیرمیں مسلسل 39ویں روز بھی کرفیونافذ ہے جب کہ بھارتی مظالم کے خلاف حریت رہنماؤں کے اعلان پر کشمیری عوام کی جانب سے ریاست بھر میں حق خود ارادیت کے لئے ریفرنڈم مارچ بھی کیا جارہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے علاقے بڈگام میں بھارت مخالف مظاہرین اور بھارتی فوج کے درمیان شدید جھڑپیں بھی جاری ہیں اور آج بھی قابض بھارتی فوجیوں نے کشمیریوں کی آواز دبانے کے لئے ہتھیاروں کا سہارا لیا اور فائرنگ کرکے مزید 4 نہتے کشمیریوں کو شہید کردیا۔ نیشنل کانفرنس کے صدر اور مقبوضہ کشمیر کے سابق کٹھ پتلی وزیراعلیٰ عمرعبداللہ نے بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر نریندر مودی کی جانب سے کی گئی تقریر پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ حل کرنے کا مودی کا بیان مضحکہ خیز ہے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 مزید کشمیری بھارتی فوج کی گولیوں کا نشانہ بن چکے ہیں اور مودی پاکستان کے صوبے کے مسئلے حل کرنے کی سوچ لئے بیٹھے ہیں، بھارتی وزیراعظم بتائیں کہ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں کون سے اچھے کام کئے ہیں۔