خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی بربریت: میر واعظ کی شدیدمذمت

سرینگر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے ضلع کولگام کے علاقے بوگوم میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں بڑی تعداد میں نوجوانوں کی گرفتاری، گھروں میں توڑ پھوڑاور، مکینوں کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت کی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی فورسز نے زبردستی گھروں میں گھس کر سامان کی توڑ پھوڑ اور درجنوں نوجوانوں کو گرفتار کرکے ریاستی دہشت گردی کا بدترین مظاہرہ کیا ہے جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔ ترجمان نے کہا کہ بھارتی پولیس اور فورسز کے خوف و ہراس کی وجہ سے پورے علاقے کے لوگوں نے اپنے گھروں کو چھوڑ کر دوسرے مقامات پر منتقل ہو گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق حریت رہنما مختار احمد وازہ نے بوگوم کولگام جاکر متاثرہ عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا اور بھارتی فورسز کی طرف سے ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کی ہے ۔اس موقع پر ایک احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام کو تحریک آزادی جاری رکھنے پر انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔