خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماء مسلسل گھروں اور جیلوں میں نظربند، تشدد دو شہری زخمی

مقبوضہ کشمیر،

سری نگر (ملت آن لائن۔ اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور شبیر احمد شاہ مسلسل گھروں میں جبکہ جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک سرینگر سنٹرل جیل میں نظربند ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت رہنماؤں مسرت عالم بٹ ، آسیہ اندرابی اور فہمیدہ صوفی جموں کی جیلوں میں نظربند ہیں جبکہ بارہ کے قریب دیگر حریت رہنماء بھی گھروں میں یا مختلف پولیس اسٹیشنوں میں نظربند ہیں۔ ادھر ضلع پلوامہ کے علاقے ڈالی پورہ میں ایک دھماکے میں ایک شہری غلام محی الدین شاہ زخمی ہو گیا ۔ انہیں فوری طورپر ہسپتال منتقل کیاگیا ۔ بارہمولہ کے علاقے خان پورہ میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک شہری عبدالرشید کو اس وقت گولی مارکر زخمی کردیا جب وہ مسجد سے گھر واپس آرہا تھا ۔