خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں سرفروش مکار بھارتی فوج اور پولیس کا ڈٹ کر مقابلہ کررہے ہیں

مظفرآباد (ملت آن لائن + آئی این پی) جموں وکشمیر متحدہ جہاد کونسل کے سیکرٹری جنرل و تحریک المجاہدین کے امیر شیخ جمیل الرحمان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں سرفروش مکار بھارتی فوج اور پولیس کا ڈٹ کر مقابلہ کررہے ہیں اور دشمن کو سبق سکھانے میں دیر نہیں کررہے۔ اب بھی ہندوستان کے پاس وقت ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر سے جتنا جلدی ہوسکے اپنی افواج کا انخلاء کرے، ورنہ بھاگنے کی فرصت نہیں دینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الشفاء مہاجر کیمپ امبور میں تعلیم الاسلام ماڈل ہائی سکول کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت جموں وکشمیر متحدہ جہاد کونسل کے سیکرٹری جنرل شیخ جمیل الرحمان جبکہ مہمان خصوصی سعودی عرب میں مقیم عبدالستار مدنی تھے ۔ تقریب میں تحریک المجاہدین کے نائب امیر ، الانصار ویلفیئر ٹرسٹ کے چیف ایگزیکٹیو اشتیاق احمد بٹ ،ڈائریکٹر تعلیم الاسلام ماڈل سکول عبدالشکور آزاد، کمانڈر ابو حمزہ، سیکرٹری اطلاعات سی یو جے مظفرآباد محمد اقبال میر ،محمد فاروق بٹ، اختر بٹ ، سرانداز میر و دیگر نے بھی خطاب کیا، اساتذہ کی تنخواہوں میں بیس فیصد اضافے کا اعلان بھی کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی عبدالستا ر مدنی نے مہاجرین کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ نبی ﷺ کے ایک صحابی جب مکہ سے نکلے شدید بیمار تھے، انہیں محسوس ہوا کہ میں دنیا سے جانے والا ہوں انہوں نے اپنے لواحقین کو بتایا کہ انہیں جتنا جلدی ہوسکے مدینہ لے جائیں تاکہ مہاجرین کی صف میں شامل ہو جاؤ ں پھر بے شک دنیا سے چلا جاؤں ، اتنی بڑی فضلیت ہے مہاجرین کی، انہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بچوں کو زیادہ سے زیادہ تعلیم کی تربیت حاصل کرنے کی تلقین کی اور کہا کہ دنیاوی تعلیم کیساتھ ساتھ دینی تعلیم حاصل کرو تاکہ دنیا اور آخرت میں کامیابی کا ذریعہ بن سکے۔ جو لوگ دینی تعلیم حاصل کرتے ہیں وہ اپنے والدین کیلئے بھی بخشش کا ذریعہ ہوتے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الانصار ویلفیئر ٹرسٹ کے چیف ایگزیکٹیو اشتیاق احمد بٹ نے ادارہ کے اساتذہ کی تنخواہوں میں بیس فیصد اضافے کا اعلان کیا اور کہا کہ جتنی اساتذہ محنت کرتے ہیں اس پر تو سو فیصد اضافہ کرنا چاہیے مگر حالات کے پیش نظر بیس فیصد ہی کر سکتا ہوں۔ انہوں نے اس موقع پر تحریک آزادی کشمیر پر خطاب کے دوران کہا کہ اقوام متحدہ امریکہ کی لونڈی ہے، یہود و نصاریٰ ہمارے کبھی دوست نہیں ہوسکتے۔ امت مسلمہ کو ایک ہونے کی ضرورت ہے ، اقوام متحدہ کی جانب سے کبھی مسلمانوں کو انصاف نہیں ملا نہ مل سکتا ہے۔ اس لیئے امریکہ یا اقوام متحدہ سے خیر کی توقع نہ رکھی جائے۔ مقررین نے کہا کہ جذبہ جہاد بھی ہے اور شوق شہادت بھی ، ہندوستان کے ٹکڑے ہونے کا وقت قریب آگیا ہے، آپس میں اتحاد و اتفاق سے ایک طاقت بن کر ہندوستان کو ملیہ میٹ کرنا ہوگا۔ تحریک المجاہدین کے امیر شیخ جمیل الرحمان نے خطاب میں مزید کہا کہ پاکستان ہندوستان سے تجارت بند کرے اور کسی بھی قسم کا تعلق ہندوستان سے نہ رکھا جائے۔ ہندوستان نہ مسلمانوں کا دوست ہے اور نہ ہی پاکستان کا ، شیشے کے محل کو ٹوٹنے میں دیر نہیں لگتی۔انہوں نے اس موقع پر نہایت دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت آزادکشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مہاجرین جموں وکشمیر کے ملازمتوں کے چھ فیصد کوٹہ کو ختم نہ کرے بلکہ اسے بحال کر کے مہاجرین میں پائی جانیوالی بے چینی دور کرے۔ انہوں نے کہا کہ مہاجرین کے ایک دفد نے ملاقات کر کے مہاجرین کے حالات بتائے جو تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ میں بننے والی حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ حکومت نے نوٹس نہ لیا تو مجبوراً سڑکوں پر آنے سے بھی گریز نہیں کرینگے۔