خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں قابض انتظامیہ نے پاکستانی ٹیلی ویژن چینلوں پر پابندی عائد کر دی

سرینگر ۔ مقبوضہ کشمیرمیں قابض انتظامیہ نے کیبل آپریٹروں کو پاکستانی ٹیلی ویژن چینلوں کی نشریات بند کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کیبل آپریٹروں کو اس حوالے سے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کمشنر سرینگر کی طرف سے باقاعدہ تحریری حکم نامہ جاری کیا گیا ہے جس میں پاکستانی چینلوں کے علاوہ متعدد اسلامی چینلوں کی نشریات روکنے کا بھی حکم دیا گیاہے۔ ایک کیبل آپریٹر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ انہیں جو حکم نامہ موصول ہوا ہے اس میں 30کے قریب چینل بند کرنے کو کہا گیا جن میں جیو ، اے آر وائی، کیو ٹی وی، سعودی قرآن، ہادی، کربلا، پیغام، پیس ٹی وی ، نور، سحر، مدنی، پیغام وغیرہ شامل ہیں۔ ایک اور کیبل آپریٹر نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں پاکستانی چینل دلچسپی سے دیکھے جاتے ہیں لہذا انتظامیہ کے حکم نامے کے بعد انہیں صارفین کی طرف سے فون کالیں موصول ہو رہی ہیں کہ ان کے کیبل کنکشن ختم کیے جائیں۔