خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج نے عوام کیلئے زندگی اجیران کر دی، صدرآزادجموں وکشمیر

مظفرآباد۔ 3 1 اکتوبر( ا ے پی پی)صدرآزادجموں وکشمیر سردارمحمدمسعو د خان نے کہا ہے کہ غربت ایک لعنت ہے جسکا خاتمہ لازم ہے۔ غربت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا صرف فلاحی عمل نہیں ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ دنیا میں دولت کی ریل پیل اور خوشحالی کے بیچ غربت کا وجود ایک جرم ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز یہاں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چےئر پرسن وزیر مملکت ماروی میمن کی طرف سے سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کے موقعہ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ ہم جب آزاد کشمیر سے غربت کے خاتمے کی بات کر رہے ہیں تو مقبوضہ کشمیر میں نہتے نوجوانوں سے ان کی زندگیاں اور بصارت چھینی جا رہی ہے ۔ گذشتہ اڑھائی ماہ سے قابض بھارتی افواج نے عوام کیلئے زندگی اجیران بنا کر رکھ دی ہے۔ اب تک سیکڑوں نوجوان قتل ، چھ سو سے زیادہ نابینا اور15ہزار سے زیادہ لوگ شدید زخمی ہیں ۔ ہندوستانی فوج عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیر رہی ہے۔ صدر سردار محمد مسعود خان نے کہا کہ ہر جگہ سے ہر قسم کی غربت کا خاتمہ تمام اقوام کا مشترکہ عہد ہے ۔ ہمار ا کام انتہائی غربت کو صرف کم کرنا نہیں اسے سرے سے ختم کرنا ہے۔ بی آئی ایس پی کی کارکردگی رپورٹ قابل تعریف ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ پروگرام تیزی سے کامیابی کی منازل طے کر رہا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق مالی سال 2014-15میں کل آبادی کے 18فیصد پر مشتمل 53لاکھ خاندانوں میں 97ارب 50کروڑ روپے نقد تقسیم ہوئے ہیں ۔ آزاد کشمیر میں اس وقت 1,04,260خاندان اس پروگرام سے مستفید ہورہے ہیں ۔ وسیلہ تعلیم پروگرام کے تحت اکتالیس ہزار طلبا کو مالی معاونت دی جارہی ہے۔ ان اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ بی آئی ایس پی آزاد کشمیر سے بھی غربت کے خاتمے کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ جس کے لئے ہم محترمہ ماروی میمن ، بسپ اور حکومت پاکستان کے شکر گزار ہیں ۔ بی آئی ایس پی کا مقصد افراد اور خاندانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے تاکہ وہ اپنی روزی خود کما سکیں ۔ اس سلسلہ میں ہم نجی شعبہ سے کہیں گے کہ وہ روزگار پیدا کرنے میں حکومت کا شراکت دار بنے ۔ غربت کا خاتمہ صرف لوگوں کو خط غربت سے اوپر لانا نہیں بلکہ ان کا معیار زندگی کو بھی بہتر بنانا ہے۔ ہمار ا مقصد آزا د کشمیر کو ایک مستحکم معیشت اور خطے کیلئے اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز بنانا ہے ۔ اس خواہش کی تکمیل کی راہ میں غربت بڑی رکاوٹ ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مختلف وزارتوں ، اداروں اور محکموں کے درمیان مطابقت اور ہم آہنگی پیدا کی جائے سول سوسائٹی کوبھی اس میں شامل کیا جائے تاکہ ہم مادر وطن سے غربت کو جڑ سے اکھاڑ پھینک دیں۔ قبل ازیں محترمہ ماروی میمن نے صدر آزاد کشمیر کو سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ اس موقع پر بسپ سے مستفید ہونے والی خواتین نے بھی اپنے تاثرات بیان کئے ۔ تقریب کی نظامت کے فرائض سیکرٹری صدارتی امور سردار فاروق تبسم نے انجام دئیے ۔