خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج نے منظم انداز میں کشمیریوں کی نسل کشی شروع کر رکھی ہے

میرپور (ملت آن لائن + آئی این پی) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج نے منظم انداز میں کشمیریوں کی نسل کشی شروع کر رکھی ہے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں کر رہا ہے۔برطانیہ کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔ تارکین وطن کشمیری بیرون ممالک میں مسئلہ کشمیر کو منظم انداز میں اجاگر کریں۔ پاکستان کو وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے ۔ سی پیک منصوبہ میں آزاد کشمیر بھی شامل ہے ہماری حکومت میرٹ کی بالادستی اور گڈ گورننس پر کوئی کمپرومائز نہیں کرئے گی ۔ہم نے چند ماہ میں اخراجات کو کنٹرو ل کیا سفارشی کلچر کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے دفن کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر ہاوس میں ملنے والے برطانیہ شہر ہائی ویکمب کے سابق میئر چودھری شفیق سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقعہ پر مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ اعجاز دلاور خان بھی ہمراہ تھے۔ وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ ٓازادکشمیر حکومت قومی ایشوز اور یاستی معاملات میں آزادکشمیر کی ساری سیاسی قیادت کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے، عبوری آئین ایکٹ 1974میں ترامیم ،گلگت بلتستان کے عوام کو آئینی حقوق کی فراہمی ،تحریک آزادی کشمیر پر متفقہ موقف اور آزادخطہ کی بلا تخصیص تعمیر و ترقی کے لیئے تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا مسلم لیگ ن کی حکومت تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی ،ریاست کی خوشحالی اور عام آدمی کی فلاح و بہبود اور جامع اقدامات اٹھانے کی پالیسی پر گامزن ہے۔وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہامسلم لیگ ن کے کارکنوں کی محنت سے الیکشن میں بھاری کامیابی ہوئی کارکن جماعت کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا بریگیڈئر(ر) راجہ دلاور مرحوم کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائینگی۔اس موقعہ پر سابق میئر ہائی ویکمب چودھری شفیق نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت پاکستان میں ہو یا آزاد کشمیر وہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں ہیں جس پر ہمیں فخر ہے۔ انہوں نے کہا بیرون ملک پاکستانی و کشمیری مسئلہ کشمیر کے حل اور ملکی ترقی کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔